Live Updates

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کا فیصلہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ ہے، اسد قیصر

اب کسی قسم کی بہتری کی امید رکھنا خام خیالی ہے،عوام اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں، بیان

ہفتہ 28 جون 2025 21:45

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے حالیہ فیصلے کو ملکی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی عدالتی تاریخ میں بدنما داغ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب اس سے کسی قسم کی بہتری کی امید رکھنا خام خیالی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب واحد راستہ یہی ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔اسد قیصر نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کے چیمپئن بن کر اسمبلی چلانے کے لیکچر دے رہے ہیں، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ان اسمبلیوں کی بنیاد ہی جعلی فارم 47 پر رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ شام 8 بجے تک ہار چکے تھے اور رات کو جعلی فارم 47 کے ذریعے آپ کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آپ کی حیثیت ایک کٹھ پتلی سے زیادہ کچھ نہیں، جمہوریت اور انسانی حقوق کی اس قدر پامالی تو مارشل لا ادوار میں بھی نہیں ہوئی تھی جو آج کل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے، اور مسلم لیگ(ن)نے ووٹ کو عزت دوکا نعرہ خود سب سے زیادہ بے عزت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں، ہم سب عمران خان کے ساتھ ہیں اور ان کے نظریے کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف ایک پرامن پاکستان، آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جاری رکھے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات