انجینئر سید نیئر احمد کو پیپلز پارٹی پی ایس 123 ضلع سینٹرل کا انفارمیشن سیکریٹری مقرر کیے جانے پر مبارکباد

تقرری سے اطلاعاتی حکمت عملی کو تقویت ملے گی بلکہ نوجوان انجینئرز کو بھی پارٹی صفوں میں متحرک ہونے کا نیا حوصلہ ملے گا ، سید سہیل ایڈوکیٹ،زاہدلاشاری

اتوار 29 جون 2025 16:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے پارٹی قیادت کی منظوری سے کراچی کے چھ اضلاع میں تنظیمی عہدوں پر نئی تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ضلع سینٹرل کے حلقہ پی ایس 123 کے لیے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انجینیئر سید نیئر احمد کو انفارمیشن سیکریٹری مقرر کیاگیا ہے جبکہ رحمت علی کو صدر، رانا عقیل کو جنرل سیکریٹری اور شیراز اعوان کو سینیئر نائب صدر مقرر کردیا گیا ہے۔

نو منتخب انفارمیشن سیکریٹری پیپلز پارٹی پی ایس 123 ضلع سینٹرل انجینیئر سید نیئر احمد کو اس اہم ذمہ داری سنبھالنے پر پارٹی کارکنان، انجینئرز، تعلیمی و سماجی حلقوں کی جانب سے زبردست مبارکباد پیش کی گئی ہے۔پیپلز انجینئرز فورم سندھ کے صدر زاہد لاشاری، انجینئرنگ فورم ڈسٹرکٹ سینٹرل کے رہنما شاہ رخ خان، معروف سماجی رہنما سید تابش احمد، اشعر احمد، احتشام احمد، پاک ٹیلنٹ اکیڈمی کے پرنسپل مناظرالسلام اور ممتاز قانونی ماہر سید سہیل احمد ایڈوکیٹ نے اپنے مشترکہ پیغام میں انجینیئر سید نیئر احمد کو اس اہم تنظیمی عہدے پر فائز ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انجینئر سید نیئر احمد ایک باصلاحیت، متحرک اور نظریاتی کارکن ہیں جو پارٹی کے پیغام کو نوجوانوں تک پہنچانے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان کی تقرری سے نہ صرف پارٹی کی میڈیا اور اطلاعاتی حکمت عملی کو تقویت ملے گی بلکہ نوجوان انجینئرز اور پروفیشنلز کو بھی پارٹی صفوں میں متحرک ہونے کا نیا حوصلہ ملے گا۔