محرم میں امن و امان قائم رکھیں، دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیں، حافظ محمد طاہر اشرفی

بنیان المرصوص کی کامیابی کا تسلسل محرم میں ایک دوسرے کیلئے بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے میں ہے، حافظ محمد طاہر اشرفی

اتوار 29 جون 2025 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)حافظ محمد طاہر اشرفی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیرصدارت محرم الحرام سے متعلق ایک اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ گورنر ہائوس میں محرم کے دوران ایک سیل قائم کردیا گیا ہے، تمام مکاتب فکر کے علما کی ایک فہرست آپ کی خدمت میں پیش کردوں گا جو آپ کے اس سیل کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔

انہوں نے گورنر سندھ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کردار پورے ملک میں ہے، پورے ملک میں اس بنیاد پہ ہمیں آگے بڑھنا ہے کہ اپنا مسلک چھوڑو نہیں، دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں۔انہوں نے کہاکہ کسی کے بھی اکابر اور مسلک کی توہین ناقابل قبول ہے، آج یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ جب ملی یکجہتی کونسل کا ضابطہ اخلاق بن رہا تھا تو اس وقت یہ جملہ آیا کہ انبیا علیہ الصلو سلام، خلفائے راشدین، امہات المومنین، صحابہ کرام جو کوئی بھی ان کی توہین کرے، تنقیص کرے، تکفیر کرے ہم اس سے بری ہیں اور اس سے برات کا اعلان کرتے ہیں، تو وہاں مولانا ضیاالحق قاسمی اور میں نے یہ گزارش کی کہ اس میں حضرت امام مہدی علیہ السلام کا بھی نام لکھیں کیونکہ وہ بھی ہمارے لیے محترم ہیں۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ میں اور گورنر صاحب حج پر تھے، کالا، گورا، ہندوستانی، ملائیشیا الغرض کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے مسلم کی زبان پر یہ الفاظ تھے کہ ہم آج تک مسلمان ملکوں میں بربادی ہوتے دیکھ رہے تھے لیکن آپ نے کمال کردیا، پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد، ہر ایک یہ کہتا تھا کہ آپ کی فوج نے، آپ کی فضائیہ نے حالات بدل دیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دشمن کو جواب دیا کہ ہم جاگ بھی رہے ہیں اور اللہ کے فضل سے جواب دینا بھی جانتے ہیں، رب نے ہمیں بنیان المرصوص بنا کے کامیابی دی ہے اور اس کامیابی کا تسلسل یہ ہے کہ ہم محرم الحرام کے دوران ایک دوسرے کیلئے ایسی فضا پیدا کردیں کہ ہمارا دشمن کسی سازش میں کامیاب نہ ہوسکے۔