سپیشل آپریشن سیل کی کارروائی، انتہائی مطلوب خطرناک اشتہاری گرفتار

اتوار 29 جون 2025 23:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) سپیشل آپریشنز سیل سرگودھا پولیس نے اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم نوازش علی ہنجرا عرف پھلو کو گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا محمد شہزاد آصف خان کی زیر قیادت اسپیشل آپریشنز سیل سرگودھا نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عرصہ دراز سے پولیس کو مطلوب انتہائی خطرناک اور خوف کی علامت سمجھا جانے والے ملزم اشتہاری نوازش پھلو کو نہ صرف ٹریس کیا بلکہ وزارت داخلہ ایف آئی اے کے تعاون سے بذریعہ انٹرپول اسپین میں گرفتار بھی کر لیا پنجاب حکومت کی طرف سے ملزم کے سر کی قیمت بارہ لاکھ مقرر تھی۔

ملزم کو تمام قانونی تقاضے پورے کر کے پاکستان لایا جائے گا۔ اس موقع پر آر پی او محمد شہزاد آصف خان کا کہنا تھا کہ ملزم جتنا بھی چالاک ہو جہاں کہیں بھی روپوش ہو پولیس اس کو ڈھونڈ نکالے گی اور وہ بمطابق قانون اپنی سزا ضرور بھگتے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اپریشن سیل اب تک 128 مفرور ملزمان کا سراغ لگا چکا ہے۔ جن میں سے پندرہ گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ باقی ملزمان کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جلد پاکستان لا کر عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔