Live Updates

شہادت فاروقؓ و حسینؓ استعمار کیخلاف وحدت کا درس دیتی ہے،فنکشنل علماء مشائخ سندھ

ماہ مقدس محرم میں فاروق ؓ و حسینؓ کی تعلیمات اور امن و اتحاد کو فروغ دیاجائے،افواج و شہداء کو خراج تحسین صوبائی صدر مولانا محمد امین انصاری کی زیر صدارت مفتی محمد دائود ،مولانا منظرالحق تھانوی و دیگر کا سیمینار سے خطاب

پیر 30 جون 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)فنکشنل لیگ علماء مشائخ ونگ سندھ کے صدر مولانا محمدامین انصاری کی زیر صدارت صوبائی رہنما شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود کی میزبانی میں جامع مسجد زکریا مدرسہ منبع العلوم انسدادمنشیات مرکز فرید گوٹھ میں شہادت فاروقؓ و حسینؓ سیمینار میں شریک مہمانان خصوصی صوبائی سیکریٹری جنرل خطیب پاکستان صاحبزادہ مولانا منظرالحق تھانوی ،علامہ مفتی عبدالغفور اشرفی، علامہ عبدالخالق فریدی سلفی،علامہ مفتی عطاء الرحمن قریشی، مولانامفتی اسدالحق چترالی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، مولانا مفتی محمد ابراہیم چترالی ودیگر صوبائی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ خلیفہ دوئم خسر رسولؐ داماد علیؓ سیدنا فاروق اعظمؓ اور نواسہٴ رسول سردار جنت شہیدکربلا سیدنا امام حسینؓ کی عظیم شہادتیں اسلام و مسلمانوں کے ازلی دشمن امریکہ ، اسرائیل ، بھارت و دیگر عالمی استعماری ، طاغوتی ، استکباری ، استبدادی قوتوں کے خلاف باہمی امن و وحدت، اخوت و محبت، رواداری ،صبر و تحمل،ایثار و قربانی کا پیغام و درس دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

سورھیا بادشاہ شہید نے آزادی وطن کیلئے انگریزوں کے ظلم و جبر وتسلط کیخلاف جان قربان کرکے کردار حسینیؓ ادا کیا۔آج فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے جذبہ فارو قی ؓو حسینیؓ کو بیدار کرنا ہوگا۔ملی امن و استحکام و خوشحالی کیلئے فرقہ واریت اور مقدس شخصیات کی شان میں گستاخیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل علماء مشائخ ونگ سندھ میں شامل مختلف مکاتب فکر کے جلیل القدر علماء مشائخ محراب و منبر سے فرقہ واریت کے خلاف امن و وحدت کیلئے ملک و قوم کی صحیح سمت رہنمائی کررہے ہیں۔

علماء مشائخ دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں ۔ بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے بنیان مرصوص کامیاب آپریشن اور فتح عظیم پر انہیں خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پڑوسی کافر ملک بھارتی جارحیت کیخلاف جرأت و غیرت فاروق ؓ و حسینیؓ کو زندہ کیا۔سیمینار سے مولانا مفتی شبیر احمد ، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک، استاذ القرأ مولانا قاری محمد اقبال رحیمی،سینئر صحافی حافظ محمد عاصم شیروانی ، مولانا فہیم الدین انصاری ، مولانا محمد مبین انصاری نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں معروف نعت و منقبت خواں قاری حافظ ابوبکرنے سیدنا فاروق اعظم ؓ اور نواسہٴ رسولؐ سیدنا امام حسینؓ کی شان اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات