Live Updates

8 فروری کو ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا، باقی پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا، شیخ وقاص اکرم

ملک میں آئین اور انصاف نہیں ، مخصوص نشستوں کو مال غنیمت سمجھ کر تقسیم کیا گیا، رہنماء پی ٹی آئی

منگل 1 جولائی 2025 03:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) رہنماء پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہمارا ایک مینڈیٹ 8فروری 2024ء کو چوری ہوا، ہمارے باقی کے مینڈیٹ پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔جاری بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مخصوص نشستوں کو دیکھیں تو اس کا ایک پس منظر ہے، ملک میں آئین اور انصاف نہیں ہے، مخصوص نشستوں کو مال غنیمت سمجھ کر تقسیم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی امنگوں کو گھونٹ دیا گیا ہے، یہ وہ پاکستان ہے جس میں سچ بولنا جرم بن چکا ہے، ہم ایسی ریاست میں ہیں جہاں نظام مفلوج ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہاس میں بے ضمیروں کی منڈیاں لگیں، خرید و فروخت ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے جمہوری مزاحمت کی۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 180 سیٹیں جیتیں لیکن 17سیٹوں والی جماعت کو 110سیٹیں دے کر حکومت پکڑا دی، آج سارے کا سارا عدالتی نظام تباہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی، اڈیالہ جیل کے باہر شام 4بجے تک روکے رکھتے ہیں پھر کہتے ہیں وقت ختم ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ بانی سے ملاقاتیں بحال کی جائیں، ہم تمام آئینی و قانونی فورمز استعمال کرتے رہیں گے، دنیا دیکھ رہی کہ پاکستان کے سب سے بڑے لیڈر کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بجٹ کے دوران ہمارے اراکین اسمبلی نے احتجاج کیا، ہمارے 26لوگوں پر پابندی لگا دی گئی، اپوزیشن کے 10لوگوں پر 20لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔رہنما پی ٹی آئی ے کہا کہ ہمارے ایم پی ایز 9مئی سے لے کر آج تک دہشت گردی کے پرچے برداشت کر رہے ہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات