کراچی میں نئی نمبر پلیٹ کے نام پر کراچی کے شہریوں کو تنگ کرنے کی مذمت کرتے ہیں، میری پہچان پاکستان

پورے پاکستان کو چھوڑ کر صرف کراچی میں نت نئے قوانین اور ٹریفک پولیس اور حکومت سندھ کی بیڈ گورننس نے کراچی کے شہریوں کو تنگ کردیا ہے،مرکزی کمیٹی

منگل 1 جولائی 2025 17:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)مرکزی کمیٹی ایم پی پی (میری پہچان پاکستان)نے کہا ہے کہ کراچی میں نئی نمبر پلیٹ کے نام پر کراچی کے شہریوں کو تنگ کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ پورے پاکستان کو چھوڑ کر صرف کراچی میں نت نئے قوانین اور ٹریفک پولیس اور حکومت سندھ کی بیڈ گورننس نے کراچی کے شہریوں بالخصوص موٹر سائیکل سواروں کو تنگ کردیا ہے۔

پہلے سڑکیں ٹھیک کریں پھر قانون کی عمل داری اور نئے قانون بنائیں۔

(جاری ہے)

14اگست کی ڈیڈ لائن دینے کے بجائے 14اگست تک سڑکیں بنانے کی ڈیڈ لائن دیتے تو عوام کو خوشی ہوتی۔ میئر کراچی نے سڑکوں کے لئے خط لکھ کر اچھا اقدام کیا۔ لیکن اپنی ہی حکومت میں بلاول بھٹو کے ترجمان ہونے کے بعد خط کے بجائے فنڈز فوری جاری ہونے کی ضرورت ہے۔ بارشوں کا ابھی صرف ایک اسپیل آیا ہے اور شہر کھنڈرات اور نشیبی علاقوں میں تبدیل ہوگیا۔ سندھ حکومت بارشوں سے نمٹنے اور سڑکوں کی مرمت اور استرکاری کے لئے جنگی بنیادوں پر فنڈز جاری کرے۔ کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا نیپرا نوٹس لے۔