فیصل کریم کنڈی کا ایران کے سفارتخانہ کا دورہ ،ایرانی مسلح افواج کی قیادت و عوام کی شہادت پر اپنے تعزیتی کلمات درج کئے

منگل 1 جولائی 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانہ کادورہ کیا اور ایرانی سفارتخانہ میں وزیٹرز بک میں اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونیوالے ایرانی مسلح افواج کی قیادت و عام عوام کی شہادت پر اپنے تعزیتی کلمات درج کئے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے ایرانی سفارتخانہ کے دورہ کے دوران ایرانی سفیررضا امیری مقدم سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں خطے میں امن واستحکام اور جغرافیائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں گورنرنے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ جارحیت کی مذمت کی اور اسرائیلی جارحیت کا بھر پور طریقے سے جواب دینے پر ایرانی عوام اور حکومت کی بہادری، استقامت اور بلند و پختہ عزم کوسراہا، انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کااسلامی برادری ملک ہے، ایران نے جس طرح اسرائیلی جارحیت کا جواب دیا ہے پوری امت مسلمہ کیلئے فخر کا مقام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسرائیلی جارحیت میں ایرانی فوجیوں اور شہریوں کی شہادت پر افسوس اورتعزیت کا اظہارکیا۔گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسرائیل صرف ایران کا نہیں بلکہ خطہ میں امن دشمن ہے، اسرائیل کیخلاف ایران کے بھرپور دفاعی طاقت کے استعمال کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کی سفارتی حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملہ کیخلاف برادر اسلامی ملک پاکستان کی حکومت و عوام کی ایران کی بھرپورحمایت اور محبتوں کے شکرگزار ہیں۔