تمام مکتبہ فکر کے علماکرام محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقراررکھنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں‘ گورنر پنجاب

اسلام ہمیں بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے،اہل بیعت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ‘سردار سلیم حیدر خان کی وفد سے گفتگو

منگل 1 جولائی 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ تمام مکتبہ فکر کے علماکرام محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقراررکھنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں، اسلام ہمیں بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے،اہل بیعت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان پیس کونسل کے سربراہ سید اسامہ اجمل قاسمی کی قیادت میں علما کرام کے وفدسے ملاقات کے دوران کہی۔

وفد میں تمام مسالک کے علما کرام شامل تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام محسن انسانیت ہیں ،ان کی قربانی کی بدولت اسلام کی حقیقی روح آج بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اہل بیعت سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کربلا میں حق اور باطل کا مقابلہ ہوا اور ابدی فتح حضرت امام حسین کو حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے۔ گورنر پنجاب نے علما کرام پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی سے اقوام عالم میں پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف معرکہ حق میں سپہ سالار کی قیادت میں پاک فوج کی کامیابی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

اس موقع پرعلما کرام نے کہا کہ ملک میں بسنے والے تمام مذاہب ومسالک سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانی ہیں۔ وفد میں چیئرمین کل مسالک علما بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم، علامہ ڈاکٹر بدر منیر، آغا صغیر عباس ورک، کامران پرویز، سید محمود غزنوی ، علامہ غلام عباس شیرازی، قاسم علی قاسمی، علامہ قاری خالد محمود،علامہ محمد یوسف جوہری، علامہ محمد یوسف اعوان سمیت دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان کے قیام اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔