چین کا پاکستان کے شعبہ مواصلات میں ایم 6اورایم 9موٹرویز سمیت مانسہرہ، ناران، جھال کنڈشاہراہوں کی تعمیر اور شاہراہ قراقرم کی اپ گریڈیشن سمیت گوادر پورٹ و ائیرپورٹ اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون کیلئے دلچسپی کا اظہار

بدھ 2 جولائی 2025 03:05

تیانجن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)چین نے پاکستان کے شعبہ مواصلات میں ایم 6اورایم 9موٹرویز سمیت مانسہرہ، ناران، جھال کنڈشاہراہوں کی تعمیر اور شاہراہ قراقرم کی اپ گریڈیشن سمیت گوادر پورٹ و ائیرپورٹ اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ چین کے راستے افغانستان اور ایران کے ذریعے دیگر ممالک سے تجارتی راہداریوں کیلئے باہمی اشتراک پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے ٹرانسپورٹ کی12ویں اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور چینی وزیر ٹرانسپورٹ لیووی کے مابین تیانجن آمد پر ہونے والی غیر رسمی ملاقات میں سی پیک کے مغربی حصے، ای کامرس اور بھاشا ڈیم کی 2029تک تکمیل سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے چین کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مواصلات کی بہتری، تجارتی راہداریوں اور موٹرویز کو ترجیح دے رہا ہے۔

انہوں نے چین کے وزیر ٹرانسپوٹ لیووی کو پاکستان کے دورے کی با ضابطہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ذرائع مواصلات کی بہتری کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے اور مختلف شاہراہوں کی تعمیر کے لئے ’’بی ٹو بی اور جی ٹو جی‘‘ تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔ چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لیووی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کام کرنا چینی ماہرین اور انجینئرزکیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستان سے چین کا تعلق دیرپا اور دو طرفہ تعاون پر مبنی ہے۔ملاقات میں دونوں وزراء نے پاکستان کے وزیر اعظم کے اگست2025کے مجوزہ دورہ چین سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور بالخصوص ایس سی او کانفرنس میں وزرائے ٹرانسپورٹ کی شرکت اور مستقبل میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے علاوہ ایس سی او اجلاس میں بھارت، بیلاروس، ایران، قازقستان، کرغزستان، رشین فیڈریشن، تاجکستان، ازبکستان اور چین شرکت کر رہے ہیں جبکہ 2جولائی کو تمام رکن ممالک کے وزرائ کا باقاعدہ اجلاس اور اعلامیہ ہوگا۔