وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے باصلاحیت نوجوانوں میں میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ رواں ماہ تقسیم کئے جائیں گے، جامع یوتھ اینڈ ایڈولسنٹ پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا، رانا مشہود احمد خان

بدھ 2 جولائی 2025 16:30

وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے باصلاحیت نوجوانوں میں میرٹ پر ایک لاکھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے باصلاحیت اور قابل نوجوانوں میں میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ رواں ماہ تقسیم کئے جائیں گے،نوجوانوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی تفصیلی مشاورت سے جامع یوتھ اینڈ ایڈولسنٹ پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

دس ہزار سے زائد کمپنیوں اور 5لاکھ نوجوانوں نے ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کرائی ہے،کوئٹہ میں کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ کے تحت ٹرائلز میں بلوچستان بھر سے 10ہزارسے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے، نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور ان پر سرمایہ کاری ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہونہار اور باصلاحیت نوجوانوں میں میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ جولائی کے آخر میں تقسیم کئے جائیں گے، اس کیلئے فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ اینڈ ایڈولسنٹ پالیسی کی تیاری حتمی مرحلہ میں داخل ہو گئی ہے اور اس کا اعلان جلد کیا جائے گا، اس پالیسی کا مقصد پاکستان کی نوجوان آبادی کو درپیش بے شمار چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

فور ایز کے ارد گرد بنائی گئی پالیسی کے ذریعے تعلیم، روزگار، ماحولیات اور مشغولیت پر عمل کرتے ہوئے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ ڈیجیٹل ہب کے قیام سے اب تک 5 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے اس پر رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ لاکھوں نوجوانوں نے اس پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کی ہے۔

اسی طرح 10ہزار سے زائد ملکی وغیر ملکی کمپنیوں نے بھی ڈیجیٹل ہب پر رجسٹریشن کروائی ہے۔اس پلیٹ فارم کے تحت نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں سکالرشپس، روزگار سمیت دیگر مواقع کے بارے میں معلومات اور آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہنرمند بنا کر بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے جس سے ملک میں ترسیلات زر کی آمد میں اضافہ ہو گا،وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے تحت بیرون ملک جانے کے خواہشمند نوجوانوں کو 10لاکھ روپے تک آسان شرائط پر قرضہ دیا جائے گا۔

لیپ ٹاپ فار آل سکیم کے تحت ہر فرد کو بینکوں کے ذریعے آسان شرائط پر لیپ ٹاپ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس سکیم کے تحت کرکٹ ہنٹ سکیم کے ٹرائلز کوئٹہ میں جاری ہیں۔اب تک 10 ہزار سے زائد نوجوانوں نے اس میں حصہ لیا ہے۔ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس سکیم کے تحت باصلاحیت کھلاڑیوں کو میرٹ اور شفافیت کے ذریعے منتخب کیا جائے گا، اس کیلئے مختلف شہروں میں اکیڈمیاں قائم کی جا رہی ہیں جن میں ان کو خصوصی تربیت دی جائے گی اور بیرون ملک بھیجا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ پر نیشنل یوتھ کونسل کے 110 ممبران کا انتخاب کیا گیا ہے، یہ کونسل وزیراعظم کے ایڈوائزری بورڈ کے طور پر کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ان کے سٹارٹ اپس کیلئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضہ دیا جا رہا ہے، نوجوانوں کو جدید آئیڈیاز پر انوویشن ایوارڈز دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتہ سے پچ پاکستان پروگرام کا آغاز کیا جائے گا جس میں باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، وزیراعظم یوتھ پروگرام جدید آئیڈیاز پیش کرنے والے نوجوانوں کو جدید انکیوبیشن سنٹرز اور فنڈز فراہم کرے گا۔\395\932