سردار عتیق احمد کا مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر اظہار تشویش

شبیر احمد شاہ کی حالت تشویشناک ،بھارتی حکومت دانستہ طور پر طبی سہولیات سے محروم رکھ کر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے،سابق وزیراعظم

بدھ 2 جولائی 2025 18:53

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری وادی اس وقت مکمل طور پر ایک قید خانے میں تبدیل ہو چکی ہے، جہاں نہ انسانی حقوق محفوظ ہیں اور نہ ہی شہری آزادیوں کا کوئی تصور باقی رہ گیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی قابض افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔ گھر گھر تلاشی، نوجوانوں کی جبری گمشدگیاں، خواتین کی بے حرمتی، اور سیاسی رہنماؤں کی طویل نظربندیاں روز کا معمول بن چکی ہیں۔سردار عتیق احمد خان نے حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی جیل میں بگڑتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت دانستہ طور پر انہیں طبی سہولیات سے محروم رکھ کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہی ہے، جس پر عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک جانب دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، مگر دوسری طرف کشمیری عوام کو ان کے بنیادی انسانی اور سیاسی حقوق سے محروم رکھ کر ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔سردار عتیق احمد خان نے اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا سخت نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ بھارت کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ کشمیری قوم اپنے خون سے آزادی کی شمع کو روشن رکھے ہوئے ہے، اور وہ دن دور نہیں جب انہیں ان کا جائز حق ضرور ملے گا۔