پاکستان سیاحتی اعتبار سے ایک پر امن اور خوبصورت ملک ہے ‘ گورنر پنجاب

پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے، دشمن ہماری طرف طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا عمانی بائیکرز کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں اہم قدم ثابت ہوگا‘سردار سلیم حیدر خان

بدھ 2 جولائی 2025 18:45

لاہور (این این آئی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحتی اعتبار سے ایک پر امن اور خوبصورت ملک ہے،پاکستانی بڑے مہمان نواز اور محبت کرنے والی قوم ہے ،عمانی بائیکرز کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں اہم قدم ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں عمان سے تعلق رکھنے والے بائیکرز کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاکہ عمانی بائیکرز کے دورہ سے پاکستان اور عمان کے درمیان عوامی اور ثقافتی و سیاحتی تعلقات کو مزیدفروغ ملے گا۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سیاحتی اعتبار سے ایک پر امن اور خوبصورت ملک ہے اور پاکستانی بڑے مہمان نواز اور محبت کرنے والی قوم ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عمانی بائیکرز واپس جا کر دنیا میں پاکستان کے مثبت امیج کواجاگر کریں گے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان اِسلام کا قلعہ اور ایک پر امن ایٹمی قوت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر اسلامی ممالک کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے لیے عالمی فورمز پر آواز اٹھائی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے، دشمن ہماری طرف طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

اُنہوں نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے مسلط کی گئی جنگ میں پاکستان نے اپنے سے پانچ گناہ بڑے دشمن بھارت کو شکست دی اور نئی جنگی تاریخ رقم کی۔ اس موقع پررکن عمانی بوشر بائیکرز کلب محمد النبھانی نے کہا کہ یہاں آکر بہت خوشی ہوئی۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی طرف سے ملنے والی اس محبت کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد اتحاد، دوستی اور علاقائی تعاون کے پیغام کو تقویت دینا ہے۔ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی گالف کے صدر میاں منیر ہنس،نائب صدر کاشف ،عاطف ،بوشر بائیکرز کلب کے ممبران عیسی الحسنی، محمد النبھانی، کامل اے آئی وہبی، ماجد الرواحی، محمد منینی، ماجد الوہابی اور محمد الرواحی سمیت دیگر موجود تھے۔