ئ*پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ رکشہ ڈرائیوروں کیلئے معاشی تباہی کا پیغام ہی: مجید غوری

شدید گرمی اور آگ اگلتے انجن پر بیٹھ کر اپنی روزی کمانے والا رکشہ ڈرائیور روز جیتا ہے اور روز مرتاہے

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

ک*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ رکشہ ڈرائیوروں کے لیے معاشی تباہی کا پیغام ہے۔ چالانوں کاٹارگٹ پورا کرنے والے پریشر نے ٹریفک پولیس کو بد اخلاق بنا دیا ہے۔ سابق سی ٹی او کیپٹن مبین شہید نے اپنا خون دے کر اسے شہداء کی فورس بنایا تھا موجودہ سی ٹی او اطہر وحید نے اسے چالان ناکوں کی پولیس بنا دیا جہاں غریب رکشہ ڈرائیوروں کی ساری کمائی چھین لی جاتی ہے۔

احتجاج پر جھوٹے پرچے دیئے جاتے ہیں۔ ہمیں تو مہنگائی نے خود کشیوں پر مجبو ر کر رکھا ہے۔ آج پٹرول مہنگا ہوگیا۔ کبھی بجلی مہنگی کردی جاتی ہے، کبھی گیس کی قیمتوںمیں اضافہ کردیا جاتاہے،اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں میں بے لگام اضافہ ہوتا جارہا ہے ہماری توساری کمائی ان لوازمات کو پورے کرتے کرتے لٹ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

50 درجہ حرارت کی گرمی آگ اگلتے انجن پر بیٹھ کر ایک ہزار سے 1300 روپے کمانے والا رکشہ ڈرائیور روز جیتا ہے اور روز مرتاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب کے سامنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے اور غریب عوام کے لئے ریلیف کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مجید غوری کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، اب پٹرول مزید مہنگا کر کے عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیوروں کو ناجائز چالانوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور جب وہ احتجاج کرتے ہیں تو ان پر جھوٹے مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ بجلی کے بلوں میں 200 اور 201 یونٹ کا کھیل جاری ہے، غریبوں کی جیبوں پر ہر طرف سے ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں، جب کہ اشرافیہ کو تمام سہولیات مفت میں فراہم کی جا رہی ہیں۔

'مجید غوری نے سوال اٹھایا کہ اگر ملک میں واقعی مہنگائی نہیں ہے تو وزیروں، مشیروں اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں کئی سو گنا اضافہ کیوں کیا گیا ہی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، جھوٹے چالان اور مقدمات کا سلسلہ بند کیا جائے اور عام شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں رکشہ ڈرائیوروں نے شرکت کی اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ مقررین نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔