قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نئی پارٹی پوزیشن جاری کردی

قومی اسمبلی کے 336اراکین میں سے 333اراکین ایوان کا حصہ

بدھ 2 جولائی 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایوان میں نئی پارٹی پوزیشن جاری کردی، قومی اسمبلی کے 336اراکین میں سے 333اراکین ایوان کا حصہ ہیں جبکہ خواتین کی 3مخصوص نشستیں خالی ہیں جن کا نوٹیفکیشن ابھی جاری نہیں ہوگا۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی میںحکومتی اتحاد کو کل 237 اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق اپوزیشن کے اراکین کی تعداد 95ہے، سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی تعداد 80ہے۔ ترجمان کے مطابق جے یو آئی کی صدف احسان کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے، ثوبیہ شاہد اور شہلا بانو نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا، ثوبیہ شاہد اور شہلا بانو دونوں مسلم لیگ (ن)کی امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن)2نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن کو نام دے گی، مسلم لیگ کی ارم حمید خواتین کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بنی، بشری انجم بٹ کے سینیٹر بننے کے بعد نشست خالی ہوئی ہے، ارم حمید قومی اسمبلی کے اجلاس میں حلف لیں گی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد ہر جماعت کو ملنے والی نشستوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔فیصلے کے مطابق قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا سے مسلم لیگ (ن)کی 2، پیپلزپارٹی کی 2اور جمعیت علمائے اسلام کی ایک مخصوص نشست بحال ہوئی، اسی طرح قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کی ایک، ایک غیرمسلم نشست بھی بحال کی گئی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام کی 8، مسلم لیگ (ن)کی 6، پیپلزپارٹی کی 5نشستیں بحال ہوئی ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینزکی ایک ایک مخصوص نشست بحال ہوئی ہے۔اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی کی 2، مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کی ایک، ایک غیر مسلم مخصوص نشست بھی بحال کی گئی۔پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)کی 21، پیپلزپارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ (ق)کی ایک، ایک مخصوص نشست بحال ہوئی، اسی طرح پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)کی 2اور پیپلزپارٹی کی ایک غیر مسلم نشست بحال کی گئی۔

سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کی ایک، ایک مخصوص نشست بحال کی گئی جبکہ پیپلزپارٹی کی ایک غیرمسلم مسلم نشست بھی بحال کی گئی۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد مجموعی طور پر مسلم لیگ (ن)کی 43، پیپلزپارٹی کی 14، جے یو آئی کی 12جبکہ استحکام پاکستان پارٹی ، مسلم لیگ (ق)، عوامی نیشنل پارٹی ، ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی ایک، ایک مخصوص نشست بحال ہوئی۔واضح رہے کہ یہ تمام نشستیں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بحال کی گئی ہیں۔