سردار عتیق احمد خان کی باجوڑ واقعے کی شدید مذمت، پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین

جمعرات 3 جولائی 2025 16:36

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے باجوڑ میں پیش آنے والے افسوسناک دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے امن اور استحکام پر حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ دہشتگردی کی ان بزدلانہ کارروائیوں کے پیچھے وہی قوتیں کارفرما ہیں جو پاکستان کی سالمیت اور ترقی کو برداشت نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور ریاستی ادارے دشمن کے ہر وار کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی جرا?ت، قربانی اور بے مثال فرض شناسی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

پاک فوج نے ہمیشہ قوم کے ہر مشکل وقت میں قیادت و حفاظت کا کردار ادا کیا ہے، اور ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور حب الوطنی پر پوری قوم کو ناز ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ دشمن چاہے کتنی ہی سازشیں کر لے، پاکستانی قوم اور افواج پاکستان متحد ہیں، اور ان شاء اللہ وطن کے دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست ہوگی۔