پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم کی ضلع باجوڑ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت

جمعرات 3 جولائی 2025 16:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم نے ضلع باجوڑ میں پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں شہید ہونے والے افسران اور شہری ہمارے ہیرو ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے بیان میں چوہدری نعیم کریم نے دہشت گرد حملے میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی، تحصیلدار اور متعدد معصوم شہریوں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی اس مکروہ واردات نے ملک دشمن عناصر کے سفاک عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم عوام اور سرکاری افسران کو نشانہ بنانا انتہائی گھناؤنا اور ناقابل معافی جرم ہے، واقعہ میں ملوث عناصرکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیوں سے قوم کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے اور پوری قوم افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والے افسران اورشہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے افسران اور شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہے۔