امریکی نائب صدر نے کہا پاکستان بھارت پر بہت بڑا حملہ کردے گا، جے شنکر

جمعرات 3 جولائی 2025 21:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)بھارتی وزیرخارجہ سبرامینم جیشنکر نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر کہا تھا کہ اگر ہم نے کچھ باتیں تسلیم نہیں کیں تو پاکستان بھارت پر بہت بڑا حملہ کرے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سبرامینم جے شنکر نے ایک امریکی جریدے کو انٹرویو میں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور اس کے بعد ہونے والی جنگ بندی کے حوالے سے ایک مختلف موقف پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 9 مئی کی رات جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کیا تو وہ اس وقت کمرے میں موجود تھے، جے شنکر کے مطابق، امریکی نائب صدر نے کہا کہ اگر ہم نے کچھ باتیں تسلیم نہیں کیں تو پاکستان بھارت پر بہت بڑا حملہ کرے گا۔جے شنکر نے کہا کہ اس پر وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کیا تھا کہ بھارت بھی حملہ کر دے گا، ان کے بقول، اس رات پاکستان نے بڑے پیمانے پر حملہ کیا تھا اور ہم نے فوری کارروائی کی تھی۔جے شنکر نے دعویٰ کیا کہ اس سے اگلی صبح امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے مجھے فون کیا اور کہا کہ پاکستان بات چیت کے لیے تیار ہے۔