کراچی :جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے اشتراک سے سیمینار کا انعقاد

جمعرات 3 جولائی 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی اور کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے باہمی اشتراک سے ایک اہم سیمینارمنعقد کیاگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ''پہلگام واقعہ ،کشمیرمیں بھارت کا فالس فلیگ آپریشن بے نقاب ''کے عنوان سے سیمینار کے مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی، فالس فلیگ آپریشنز اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا ۔

سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ اور سابق کنوینئر سید یوسف نسیم اوردیگرنے خطاب کیا۔مقررین نے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مسلسل ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

خواتین، بچے، بزرگ سبھی بھارتی فوج کے ظلم وتشددکا شکار ہیں۔ 22ہزار سے زائد کشمیری خواتین بیوہ ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائدخواتین کے شوہروں کو حراست کے دوران لاپتہ کردیاگیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن دنیا کو گمراہ کرنے کیلئے بھارتی حکومت کی منظم چال تھی ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مقابلے، بے بنیاد الزامات اور دہشتگردی کا جھوٹاپروپیگنڈہ دراصل کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو بدنام کرنے کا ہتھکنڈہ ہے۔پاکستانی ہندو کمیونٹی کے نمائندہ ڈاکٹر جے پال چھاپڑیہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم نے کشمیری معاشرے کو جسمانی اور ذہنی طور پر مفلوج کر دیا ہے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ہیومن ریسورسزڈاکٹر راحت نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ نے کیلئے کافی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرانے کیلئے دنیا کی دیگر میڈیکل یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیاجائے گا۔کشمیر میں خواتین کے ساتھ ناروا سلوک انسانیت کے چہرے پر بدترین داغ ہے۔ ہم اس انسانی المیے پر خاموش نہیں رہ سکتے اور ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بنیں گے۔ مقررین نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بااثر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں کردار ادا کریں۔