ّبھارت میں لاؤڈ سپیکر میں اذان پر پابندی مسلمانوں پر بہت بڑا ظلم ہی: ڈاکٹر اشرف جلالی

جمعرات 3 جولائی 2025 22:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے بھارت میں پیش آنے والے حالیہ افسوس ناک واقعات پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں لاؤڈ سپیکر میں اذان پر پابندی مسلمانوں پر بہت بڑا ظلم ہے۔ یہ بھارت کے سیکولر سٹیٹ ہونے دعویٰ کے منافی ہے۔

مسلمانوں کے 700 سے زائد گھروں کو مسمار کرنا یہ ریاستی دہشت گردی ہے۔ بھارت میں ہندوؤں کے مسلمانوں اور اسلامی شعائر پر حملے روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔ مساجد کو نذرِ آتش اور بے گناہ مسلمانوں کو شہید کرنے کامطلب یہ ہے کہ بھارت کا سیکولر سٹیٹ ہونے کا دعویٰ محض دھوکا ہے۔ مودی کی متعصب نظریات اور ہندو توا کی خونخواری آئے دن آتش فشاں بن رہی ہے۔

(جاری ہے)

انتہاء پسند ہندوؤں کی طرف سے آئے روز مسلمانوں کے مذہب میں مداخلت کی جارہی ہے۔آر ایس ایس کے غنڈے چن چن کے مسلمانوں کے مقاماتِ مقدسہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بابری مسجد کے بعد اور بھی کئی مساجد ہندو بربریت کا شکار ہوچکی ہیں اور بہت سی مساجد کا وجود بھی خطرے میں ہے، جہاں انتہاء پسند ہندووں کی طرف سے مندر بنانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

بھارت میں مساجد، مدارس اور مزارات کے غیر محفوط ہونے سے مسلمانوں میں شدید اضطراب پایا جارہا ہے۔ آر ایس ایس کے غنڈوں نے بھارت میں نہتے مسلمانوں کا عرصہٴ حیات تنگ کر دیا ہے۔ پولیس کے سامنے روزانہ کی بنیاد پر بے بس مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ حکمران پارٹی کا ہندو توا کا ایجنڈا مکمل کرنے کے لیے مسلمانوں کو ہندو بننے پہ مجبور کیا جارہا ہے اور انکار پر شہید کیا جارہا ہے۔

بعض علاقوں میں مسلمانوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ بھارت کی انسانی حقوق کی تنظیمیں ان تمام مظالم پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ سب سے بڑھ کر افسوس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر ہے جو اپنے فرض منصبی سے مکمل طور پر غافل ہے۔ بھارت میں آئے روز بے گناہ مسلمانوں کی شہادت پر عالمی ضمیر کی خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔ مودی پر عالمی عدالتِ انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔