کراچی، لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرگئی،5 افراد زخمی

ملبے میں تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو ادارے، پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، ملبہ ہٹانے کیلئے بھاری مشینری طلب کر لی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 4 جولائی 2025 12:01

کراچی، لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرگئی،5 افراد زخمی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04جولائی 2025)کراچی کے علاقے لیاری کے علاقے بغدادی میں 5منزلہ عمارت گئی،عمارت کے ملبے سے 5 زخمیوں کو نکال لیا گیا، زخمیوں میں ایک عمارت بھی شامل ہے،ملبے میں دبے مزید افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیوآپریشن جاری ہے،شہر قائد کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی، واقعے کے فوری بعد ریسکیو ادارے، پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

انتظامیہ نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امدادی کاموں میں خلل نہ ڈالیں۔ملبہ ہٹانے کیلئے بھاری مشینری طلب کر لی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ عمارت گرنے کے واقعے میں زخمی 5افراد کو ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

زخمی ہونیوالوں میں 3خواتین بھی شامل ہیں۔مزید لوگ اب بھی عمارت کے ملبے تلے دبے ہیں جن کو نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ عمارت سے متصل عمارت کوبھی نقصان پہنچاجس سے ان عمارتوں کے گرنے کا بھی خدشہ ہے۔ علاقہ مکینوں کی مدد سے متاثرین کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق عمارت میں کئی خاندان مقیم تھے اور گرنے سے قبل عمارت کی حالت خستہ تھی۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کراچی کے کھارادرمیں خستہ حال 6 منزلہ رہائشی عمارت کے ایک حصے کی چھت زینے پرگر گئی تھی جس کے باعث عمارت کا زینہ زمین بوس ہوگیا اورعمارت میں موجود خواتین اوربچوں سمیت متعدد افراد پھنس گئے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پرایم سی فائر بریگیڈ کے عملے کے ساتھ ساتھ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اورفوری امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا تھا۔ایدھی فاؤنڈیشن، چھیپا ویلفیئراورعلاقہ پولیس موقع پرپہنچ گئی اورفوری طورپر کے ایم سی فائربریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے عملے کوطلب کرلیا گیاتھا۔عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیوآپریشن شروع کردیا گیا جوتقریبا ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہاتھا۔

عمارت کی بالائی منزلوں پر پھنسے تمام افراد کو کے ایم سی کی اسنارکل کی مدد سے باحفاظت نکال کرمحفوظ مقام پرمنتقل کردیا گیاتھا اس دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔عمارت کی بالائی منزلوں پر پھنسے افراد کو نکال کیلئے اسنارکل بھی موقع پر پہنچ گئی تاہم تنگ گلیاں اورجگہ جگہ بجلی، کیبل اور نیٹ کے تاروں کی وجہ سے اسنارکل کو گلی میں داخل ہونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ جس جگہ عمارت میں حادثہ پیش آیاتھا علاقہ بہت زیادہ گنجان آباد ہے، سب سے بڑی مشکل متاثرہ عمارت تک پہنچنا ہوتا تھا۔