پاکستان مسلم لیگ (ن )نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

جمعہ 4 جولائی 2025 14:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا اعلامیہ کالعدم قرار دینے اور ارکان کو حلف اٹھانے سے روکنے کی استدعا کی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بیرسٹر ثاقب رضا کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی غیر منصفانہ تقسیم کی ہے جس سے پارٹی کے آئینی و قانونی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 7 جنرل نشستوں کے بدلے 10 مخصوص نشستیں دی گئی ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بھی اسمبلی میں 7 ارکان ہیں انہیں صرف 8 مخصوص نشستیں دی گئی ہیں۔درخواست گزار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے صوبے میں 6 نشستیں جیتی تھیں، ایک آزاد امیدوار تین دن کے اندر پارٹی میں شامل ہو گیا جس سے پارٹی کی مجموعی نشستیں 7 ہو گئیں، تاہم الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کا تعین صرف 6 نشستوں کی بنیاد پر کیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے مخصوص نشستوں سے متعلق جاری اعلامیے کو کالعدم قرار دیا جائے اور مخصوص نشستوں کی ازسرنو تقسیم کے احکامات جاری کیے جائیں۔عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ حتمی فیصلے تک مخصوص نشستوں پر ارکان کو حلف اٹھانے سے روکا جائے۔