پاکستان میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایم-6 اور ایم-9جیسے منصوبے ملکی معیشت کا رخ بدل سکتے ہیں،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

جمعہ 4 جولائی 2025 20:15

پاکستان میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ..
تیانجن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے اختتام پر تیانجن میں چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے چیئرمین ڈو فائی سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے مابین مانسہرہ، ناران،جھال کنڈ موٹروے سمیت مختلف شاہرات کی تعمیر اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری سمیت تکنیکی معاونت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے گفتگو کرتے ہوئے کارپوریشن کے چیئرمین ڈو فائی نے بتایا کہ چین میں قائم سی آر بی سی کا ادارہ ایشیا، یورپ، امریکہ اور افریقہ سمیت 70 ممالک میں خدمات سر انجام دے رہا ہے اور پاکستان میں خدمات سر انجام دینا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہوگی۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اس ادارہ نے 1995ء سے 2023ء تک سکھر بائی پاس، شاہراہ قراقرم اور کراچی کوسٹل ہائی وے سمیت مختلف منصوبے کامیابی سے مکمل کئے ہیں جبکہ گزشتہ سال سے چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن ایم ایل ون، پاکستان ریفائنری، لاہور ائیر پورٹ کی توسیع اور رائے کورٹ سے تھاہ کوٹ جیسے منصوبوں میں اظہار دلچسپی کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے چیئرمین سی آر بی سی ڈو فائی سے گفتگو میں انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور توقع ظاہر کی کہ اُن کا ادارہ پاکستان میں بالخصوص مواصلات کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دے گا۔ چین میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے سینئر حکام کو کراچی سے حیدرآباد ایم-9 اور سکھر سے حیدرآباد ایم- 6 کی موٹرویز کے لئے سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔

اپنے دورہ چین کے دوران اے آئی آئی بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کونسٹنٹین لیمیٹوفسکی اور ڈائریکٹر جنرل پبلک سیکٹر آفیسر ژیانگ اوہنگ یانگ سے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایم-6 اور ایم-9جیسے منصوبے کراچی بندرگاہ سے منسلک ہونے کے باعث ملکی معیشت کا رخ بدل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ شراکت داری پاکستان کے لئے ترقی کی راہیں ہموار کرے گی کیونکہ چین سے پاکستان کی پارٹنر شپ دونوں ممالک ہی نہیں خطے کے لئے بھی اہمیت کی حامل ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ چین کے مختلف بینک پہلے ہی پاکستان میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کر چکے ہیں، پاک چین دوستی کو وقت کے ساتھ مزید فروغ مل رہا ہے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع بھی فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری روزگار اور خوشحالی کی ضمانت ہے اور اس وقت پاکستان میں بڑے پیمانے پر شاہراہوں کی تعمیر اور بین الملکی زمینی رابطوں پر کام ہو رہا ہے۔ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے سینئر حکام نے پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لئے سرمایہ کاری پر تعاون کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔