5 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ، سردار سربلند جوگیزئی

جمعہ 4 جولائی 2025 22:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 5جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس دن ایک آمر نے پاکستان کے مزدوروں،کسانوں اور کچلے ہوئے طبقہ کے منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر مارشل لا نافذکیا، جنرل ضیا الحق نے وہ حکومت ختم کی جس نے مزدوروں کو انجمن سازی کا حق دیاجوکسان کی نمائندہ حکومت تھی جو طلبا کی آواز اور عوام کی منتخب کردہ حکومت تھی پارٹی پانچ جولائی کو ضیا آمریت، شہید ذوالفقارعلی بھٹوکی حکومت کا خاتمہ کرکے جمہوریت پر شب و خون مارا۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 05جولائی کا دن جمہوری اداروں اور جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لئے یوم سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے اس دن ایک ڈکٹیٹر نے منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر جمہوریت پر کاری ضرب لگائی تھی،پاکستان پیپلز پارٹی 05جولائی کے دن کو تاریخ کا سیا ترین دن قرار دیتی ہے،جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے پیپلز پارٹی کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک میں استحکام جمہوریت کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ میں رقم ہو چکی ہیں جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ 05جولائی1977کو اس وقت کے ڈکٹیٹر نے جمہوری حکومت پر شب خون مار کر اس کا تختہ الٹا دیا تھا جمہوری عمل پر یقین رکھنے والی قوتیں اس سیاہ ترین دن کو کبھی نہیں بھلا سکتی ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کی خاطر قربانیان دی ہیں جیالوں نے کوڑے کھا کر اور قائدین نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے جمہوریت کے اس باغیچے کے باغبان بنے ہیں انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی شہداوں کی جماعت ہے اور پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لیے پیپلز پارٹی کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان اورپاکستان پیپلزپارٹی کے ہزاروں جیالوں نے ملک میں استحکام جمہوریت کے لیے جو قربانیاں دی ہیں انھیں تاریخ کے سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔