جشنِ آزادی اورمعرکہ حق کی تقریبات کی شاندارتیاریوں کا آغاز‘ وزیراعظم کی ہدائت پر کمیٹی کی تشکیل

ہفتہ 5 جولائی 2025 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جشنِ آزادی اور معرکہ حق کے سلسلے میں اہم تقریبات کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ 14 اور 15 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر شایانِ شان انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے یہ کمیٹی تشکیل پائی ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے، جب کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کمیٹی کے شریک کنوینئر ہوں گے۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر خالد مقبول، وزیر ثقافت حذیفہ رحمان اور وفاقی و صوبائی سیکریٹریز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز، اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

کمیٹی جشنِ آزادی کی تقریبات، سیکیورٹی انتظامات، میڈیا مہمات اور عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع پلان مرتب کرے گی۔

کمیٹی کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا اس سال کا موضوع "معرکہ حق" اور "عملی یکجہتی" رکھا گیا ہے، جس کا مقصد نہ صرف قومی تشخص کو اجاگر کرنا ہے بلکہ عوام میں یکجہتی اور حبِ وطن کے جذبات کو فروغ دینا بھی ہے۔ تمام تقریبات میں ثقافتی رنگ بھرنے کے ساتھ ساتھ قومی شناخت کی جھلکیاں بھی پیش کی جائیں گی۔ وزیرِ اعظم کو 10 دنوں میں ان تقریبات کا تفصیلی پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ ملک بھر میں اس تاریخی موقع پر بہترین انتظامات کیے جا سکیں۔تمام تقر یبات میں سیکیورٹی، ہنگامی تیاریوں اور پروٹوکول کا خصوصی خیال رکھا جائے گا، اور عوام کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔