قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے اسد قیصر ،شہرام ترکئی کے مطالبے پر تمباکو کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سب کمیٹی تشکیل

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:42

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)چیئرمین قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکیورٹی قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اسد قیصر ،شہرام ترکئی ودیگر کے مطالبے پر تمباکو کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سب کمیٹی تشکیل دے دی۔ اس سلسلے میں اسد قیصر اور شہرام خان ترکئی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے تمباکو، گندم اور دیگر فصلوں سے وابستہ کاشتکاروں کو درپیش سنگین مسائل کی نشاندہی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ان کا خود تمباکو کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں، تاہم ان کے حلقے کے بیشتر افراد چھوٹے کسان ہیں جن کا ذریعہ معاش تمباکو کی فصل سے وابستہ ہے۔ گزشتہ دو سال سے گندم کے کاشتکار بدترین بحران کا شکار ہیں، اور اب تمباکو کے کاشتکار بھی شدید مشکلات میں گھر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس سال تمباکو کی پیداوار ریکارڈ سطح پر پہنچی ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مارکیٹ میں خریدار موجود نہیں، جس کے باعث کسان شدید معاشی دبا کا شکار ہیں۔

اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ان کی زندگی مزید اجیرن ہو جائے گی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے تمباکو کاشتکاروں کے مسائل کے فوری اور مثر حل کے لیے ایک سب کمیٹی تشکیل دے دی، جو متعلقہ سرکاری اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے قابلِ عمل سفارشات تیار کرے گی۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر زمینی دورہ کریں اور کسانوں کے مسائل براہِ راست سنیں تاکہ زمینداروں کی پیداوار بروقت فروخت ہو سکے، انہیں نقصان سے بچایا جا سکے، اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان کی زرعی معیشت کا انحصار چھوٹے کسانوں پر ہے، اس لیے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس میں صوابی سے تعلق رکھنے والے تمباکو کاشتکاران محمد اقبال، احمد جان، نثار خان اور محمد ایاز خان نے بھی شرکت کی۔