فائرفائٹرز II اور ایڈوانس ریسکیو کورس فیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ اسکول کراچی میں آغاز

پیر 7 جولائی 2025 12:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)فیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ اسکول گلشن اقبال، ابو الحسن اصفہانی روڈ کراچی میں مختلف ٹیکنیکل کورسز کا آغاز ہو گیا ہے۔ کمانڈنٹ محبوب علی شیخ کے مطابق، تین ہفتوں پر مشتمل فائر فائٹرز (حصہ دوم)کورس نمبر 119 کی کلاس کے انسٹرکٹر محمد عارف ہیں، جبکہ دو ہفتوں پر مشتمل سول ڈیفنس ایڈوانس ریسکیو کورس نمبر 2 کی کلاس کے انسٹرکٹر عمیر عارف فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ان کورسز میں پاکستان نیوی، سندھ پولیس، بلدیہ عظمی کراچی، ریسکیو 1122 سندھ، جامعہ کراچی، کے پی ٹی سمیت مختلف سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے اسٹاف اور بیرونی امیدواروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر کمانڈنٹ سول ڈیفنس محبوب علی شیخ نے کہا کہ ان کورسز کا مقصد سیفٹی کلچر کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

ان کورسز کی تکمیل کے بعد شرکا میں قیمتی جانیں بچانے کی قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور وہ ٹیکنیکل تربیت کے ذریعے کسی بھی بڑے یا چھوٹے حادثے کی صورت میں مثر کردار ادا کر سکیں گے۔

دونوں کورسز کی تربیت میں فیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ اسکول کراچی کے انسٹرکٹرز: طاہر حسین شیخ، محمد عارف، فیصل ندیم، عمیر عارف، ڈیموسٹریٹرز: جاوید عالم انصاری، طارق محمود، اور آئی ٹی سپورٹ میں عمران شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف ماہرین سے بھی عملی و تحریری تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔فائر فائٹرز (حصہ دوم)کے کلاس انسٹرکٹر محمد عارف نے کہا کہ کورس میں بڑی سے بڑی آگ پر جلد قابو پانے اور فائر ریسکیو آپریشن کی قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت شامل ہے۔

سول ڈیفنس ایڈوانس ریسکیو کورس کے انسٹرکٹر عمیر عارف نے کہا کہ اس کورس میں جنگی صورتحال، منہدم عمارتوں سے قیمتی جانیں بچانے، خود ساختہ ریسکیو ٹیکنیکس، اور ریسکیو آپریشنز کی تربیت دی جا رہی ہے۔ شرکا بروقت ردعمل کے ذریعے منہدم عمارتوں سے محفوظ ریسکیو میں اہم کردار ادا کریں گے۔