وینس، اٹلی میں ’’آج کے عالمی امن کو درپیش چیلنجز‘‘کے عنوان سے ایک بین الاقوامی امن کانفرنس

چیئر مین سینٹ یوسف رضا گیلانی ، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی دیگر کے ہمراہ خصوصی شرکت

پیر 7 جولائی 2025 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) وینس، اٹلی میں ’’آج کے عالمی امن کو درپیش چیلنجز‘‘کے عنوان سے ایک بین الاقوامی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جو شہباز بھٹی مشن کے تحت معروف امن علمبردار ڈاکٹر پال بھٹی کی قیادت میں منعقد ہوئی۔ اس عالمی کانفرنس میں یورپ اور پاکستان سے ممتاز مذہبی، سیاسی، پارلیمانی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، جن میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، اٹلی کے مختلف آرچ بشپ، اراکینِ پارلیمنٹ، سول سوسائٹی اور انٹر فیتھ ہارمنی کے لیے سرگرم تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے۔

اپنے خطاب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ شہباز بھٹی مشن انسانیت، ہم آہنگی اور امن کا علمبردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں ملک کی ترقی، استحکام اور امن کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ہم سب کو اپنے نظریاتی، مذہبی اور نسلی اختلافات سے بالاتر ہو کر انسانیت کے لیے کام کرنا ہوگا۔

یہی شہباز بھٹی کا خواب تھا جسے ہم سب نے مل کر حقیقت بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن صرف جنگ کا نہ ہونا نہیں، بلکہ یہ انصاف، انسانی وقار اور تنوع کے احترام کا نام ہے۔ عالمی برادری کو اس پیغام کو اپنانا ہوگا تاکہ دنیا کو بڑھتے ہوئے انتشار سے بچایا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مختلف مذاہب اور اقوام کے درمیان احترام، مکالمہ اور تعاون سے ہی پائیدار امن ممکن ہے۔کانفرنس میں عالمی امن کے لیے مکالمے، سماجی انصاف اور بین المذاہب تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاشروں کو تعصبات اور عدم برداشت سے پاک کر کے ہی دنیا میں دیرپا امن قائم کیا جا سکتا ہے۔