شہید برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پرآج ریلی نکالی جائے گی ،سعید غنی

پیر 7 جولائی 2025 17:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی کشمیری حریت پسند نواجوان شہید برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے تحت ریلی کل 8 جولائی کو سہ پہر 4.00 بجے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی چورنگی تا کراچی پریس کلب تک نکالی جائے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتیں اس ریلی میں شرکت کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی 8 جولائی کو کشمیری حریت پسند نواجوان شہید برہان مظفر وانی کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے اس حوالے سے اپنے جاری ویڈیو پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام عہدیداران، ذمہ داران و کارکنان سے بھارتی ظالم حکمرانوں اور فوجیوں نے بے دردی سے شہید ہونے والے کشمیری نواجوان شہید مظفر وانی کی 9 ویں برسی پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے تحت منگل 8 جولائی کو سہ پہر 4.00 بجے، آرٹس کونسل تا کراچی پریس تک ریلی میں بھرپور شرکت کی ہدایات دی ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے جاری ویڈیو ہیغام میں سعید غنی نے کہا ہے کہ اس ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی سمیت اس شہر کی تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہوگی اور اس میں ان کے رہنما اور کارکنان شریک ہوں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام عہدیداران و کارکنان بھی اس ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔ سعید غنی نے کہا ہے کہ یہ ریلی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی جارہی ہے اس لئے پیپلز پارٹی کے عہدیداران و کارکنان اس ریلی میں صرف پاکستانی اور کشمیر کے پرچم کے ساتھ موجود رہیں گے اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام عہدیداران، ذمہ داران و کارکنان منگل کی سہ پہر 4.00 بجے، آرٹس کونسل آف پاکستان چورنگی پر جمع ہوجائیں وہاں سے ریلی کے ساتھ ہم کراچی پریس کلب جائیں گے۔

کراچی پریس کلب کے باہر کشمیری رہنما اور دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت خطاب کریں گی۔