کوسٹ گارڈز میں دو نئی بوٹس کی شمولیت، وفاقی وزیر داخلہ کی کراچی بندرگاہ آمد

کوسٹ گارڈز نے سمگلنگ ،غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف قانون کی عملداری یقینی بنائی، محسن نقوی

پیر 7 جولائی 2025 19:40

کوسٹ گارڈز میں دو نئی بوٹس کی شمولیت، وفاقی وزیر داخلہ کی کراچی بندرگاہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) پاکستان کوسٹ گارڈز کے زیراہتمام کراچی بندرگاہ پر دو نئی بوٹس کی شمولیت اور کمشننگ کی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں اعلی' عسکری، سول افسران، غیرملکی سفارتکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کوسٹ گارڈز سمندر اور خشکی پر بیک وقت کام کرنے والی فورس ہے جوکہ اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ملک کی ایک اہم اور قابل تعریف فورس کے طور پر پہچانی جاتی ہے، کوسٹ گارڈز نے اسمگلنگ، غیر قانونی تارکین وطن اور اینٹی ٹرالنگ فشنگ کی روک تھام کے لیے قانون کی عملداری یقینی بنائی ہے اور بالخصوص اسمگلنگ، منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف نہایت اعلی' کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کوسٹ گارڈز کے فلیٹ میں دو نئی RHIB بوٹس کی شمولیت سے ادارے کی استعدادکار میں اضافہ ہوگا اور اسمگلنگ کی روک تھام میں یقینی کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام اور منشیات کو تلف کرنا اور معاشرے میں آگاہی پھیلانا بہت ضروری ہے کیونکہ اسمگلنگ اور منشیات کا ناسور ہماری قوم اور بین الاقوامی برادری کو نقصان پہنچا رہا ہے۔واضح رہے کہ رواں برس گوادر، اوتھل اور کراچی میں نذرآتش کی جانے والی اسمگل اشیا اور منشیات میں 10 ہزار 862 کلو چرس، 80 کلو کرسٹل، ایک ہزار 758 کلو ہیروئن، 117 کلو آئس، 150 کلو بھنگ جبکہ 2 ہزار 888 شراب کی بوتلیں نذرآتش اور تلف کیں، ان کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریبا 329 ملین ڈالر تھی۔