پنجاب میں کسی بھی مقام پر غیر قانونی طور پر جنگلی حیات رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دینگے

وزیراعلیٰ کا لاہور میں شیر کے حملے میں زخمی بچوں اور خاتون کیلئے5 ، 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان، وزیراعلی کی ہدایت پر پنجاب بھر میں غیر قانونی شیر رکھنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 7 جولائی 2025 21:54

پنجاب میں کسی بھی مقام پر غیر قانونی طور پر جنگلی حیات رکھنے کی اجازت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی 2025ء ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے جوہر ٹاؤن لاہور میں شیر کے حملے میں زخمی بچوں اور خاتون کیلئے پانچ، پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں کسی بھی مقام پر غیر قانونی طور پر جنگلی حیات رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دینگے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں غیر قانونی شیر رکھنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کردیا ہے۔

لاہور اور گوجرانوالہ سمیت 22 مقامات پر چھاپے اور 8 غیر قانونی طور پر رکھے شیر برآمد کیے۔ بلالائسنس شیر پالنے پر 5 افراد پکڑے گئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر جنگلی جانوروں رکھنے والوں کی رجسٹریشن کیلئے خصوصی ایپ بنادی گئی۔

(جاری ہے)

وائلڈ لائف ایپ پر 584 جنگلی شیر اور ٹائیگر کی رجسٹریشن کرلی گئی۔ یاد رہے 04 جولائی کو شاہ دی کھوئی کے علاقے میں پالتو شیر نے ایک خاتون اور بچوں پر حملہ کردیا تھا، حملے میں شہریوں کو زخمی کرنے کے افسوسناک واقعے کا ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت نوٹس لے لیا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر فوری طور پر پولیس نے محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ کیا کیا اور وائلڈ لائف ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پالتو شیر کو قابو کر لیا۔ڈی آئی جی فیصل کامران نے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی شخص کو شوق کی آڑ میں شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسا عمل کسی طور بھی قابل قبول نہیں کہ کسی فرد کا ذاتی شوق عوامی خطرے کا سبب بنے۔ پولیس شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔مزید برآں عدالت نے لاہور میں بچوں اور خاتون پر حملہ آور ہونے والے شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

ماڈل ٹائون کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے تحریری حکم جاری کیا، محکمہ وائلڈ لائف نے حملہ آور شیر کو قبضے میں لیکر عدالت میں پیش کیا، وائلڈ انسپکٹر نے افریقی شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کی استدعا کی ۔وائلڈ لائف انسپکٹر نے کہا کہ افریقی شیر کو 3جولائی کی رات ملزم کے قبضے سے لیا گیا، ملزم نے افریقی شیر کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھا ہوا تھا، عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد شیر کی سفاری پارک منتقلی کا حکم دیا۔