گ*تمام سرکاری ملازمین سے دوہری شہریت سے متعلق حلف نامے لئے جائیں: میاں ابوذر شاد

/لاہور چیمبر صدر کا پولیس ملازمین سے دوہری شہریت کے سرٹیفکیٹس طلب کرنے کے اقدام پر آئی جی پنجاب کو خراجِ تحسین

منگل 8 جولائی 2025 03:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے محکمہ پولیس کے ملازمین سے دوہری شہریت کے سرٹیفکیٹس طلب کرنے کے اقدام پر انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس اقدام کو قومی مفاد میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ یہ پریکٹس تمام سرکاری اداروں میں رائج کی جائے اور دوہری شہریت سے متعلق حلف نامے لیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی اہم اور حساس ذمہ داریوں پر تعینات سرکاری افسران کا دوہری شہریت کا حامل ہونا نہ صرف عوامی اعتماد کو مجروح کرتا ہے بلکہ قومی سلامتی اور شفاف گورننس کے لیے بھی خطرے کا سبب بن سکتا ہے۔ میاں ابوذر شاد نے تجویز دی کہ بیوروکریسی، نیم سرکاری اداروں، پبلک سیکٹر کمپنیوں اور دیگر ریاستی اداروں میں خدمات انجام دینے والے تمام افسران سے دوہری شہریت کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے اور اس حوالے سے ایک مربوط اور شفاف پالیسی ترتیب دی جائے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ایسے افسران جو کسی دوسرے ملک کی شہریت بھی رکھتے ہیں وہ بوقت ضرورت پاکستان چھوڑنے کی سہولت رکھتے ہیں جو ان کی ریاستی ذمہ داریوں سے کمزور وابستگی کو کا ثبوت ہے۔ ایسے افراد کو حساس نوعیت کے عہدوں پر تعینات کرنا ایک خطرناک عمل ہو سکتا ہے جس کا بروقت تدارک ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب کا فیصلہ نہ صرف شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ ملک میں انسٹی ٹیوشنل اعتماد کو بھی بحال کرے گا۔ لاہور چیمبر نے حکومت پر زور دیا کہ اس عمل کو صرف پولیس تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کا دائرہ تمام سرکاری محکموں تک وسیع کیا جائے۔