چیئرمین مرکزی علماکونسل کا عشرہ محرم کے دوران بہترین انتظامات پر انتظامیہ کو خراج تحسین

منگل 8 جولائی 2025 16:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اپنی افواج کے ساتھ ہے،پوری قوم کا اعتماد افواج پاکستان کو حاصل ہے،انڈیا کی جانب سے”آپریشن سندور1.0“ میں ناکامی کی غیر منطقی توجیحات پیش کرنا دراصل انڈیا کی آپریشنل تیاری اور دور اندیشی کی کمی کو ثابت کرتا ہے۔

”آپریشن بنیان مرصوص“ میں پاکستان کی کامیابی میں انڈیا کی جانب سے بیرونی حمایت جیسے الزامات غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہیں۔ پاکستان نے اقوام عالم میں اصولی طور پر پختہ سفارتکاری کو فروغ دیا ہے۔ اقوام عالم کے ساتھ باہمی احترام اور امن کی بنیاد پر تعلقات قائم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، جذبے اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران حکومت کی جانب سے کئے گئے سیکورٹی کے انتظامات تسلی بخش تھے۔اس پر وفاق سمیت تمام صوبائی حکومتوں اور اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قومی امن و استحکام کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما کی کاوشیں قابل فخر ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ تمام دینی طبقات ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی اور عوامی مفاد کیلئے تمام قوتوں کو باہم مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ پولیس، سیکورٹی فورسز اور رینجرز کی کارکردگی بھی قابل اطمینان بخش رہی جس کی وجہ سے عوام کیلئے عشرۂ محرم کا پر امن اور پر سکون انعقاد ممکن ہوا۔