اسپیکرقومی اسمبلی کی آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکرسے ملاقات ، پارلیمانی تعلقات اورعلاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پرتبادلہ خیال

منگل 8 جولائی 2025 22:32

اسپیکرقومی اسمبلی کی آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکرسے ملاقات ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کا ایک مخلص اور پٴْرعزم شراکت دار رہے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر قیادت پاکستانی پارلیمانی وفد نے آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر محترمہ صاحبہ غفارووا سے یہاں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اسپیکر ایاز صادق نے آذربائیجان کی جانب سے دورے کی دعوت اور گرمجوشی سے استقبال پر شکریہ ادا کیا اور آذربائیجان کے اصولی مؤقف کو سراہا، خاص طور پر جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کی حمایت اور دیگر اہم عالمی مسائل پر آذربائیجان کے جرات مندانہ موقف کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے آذربائیجان کی فتح کے بعد ہونے والے وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ دورے کو علامتی اہمیت کا حامل قرار دیا، جس نے عالمی برادری میں آذربائیجان کی حمایت کا مضبوط پیغام بھیجا۔

اسپیکر ایاز صادق نے دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، جن میں گوادر بندرگاہ کے ذریعے اقتصادی اور تجارتی روابط کو بہتر بنانا اور پاکستان، آذربائیجان اور ترکی کے پارلیمانی اسپیکرز کے مابین سہ فریقی اجلاس کی تجویز شامل تھی۔محترمہ صاحبہ غفارووا نے آذربائیجان کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کا ایک مخلص اور پٴْرعزم شراکت دار رہے گا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دوطرفہ روابط میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی روابط کے فروغ اور قانون ساز اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس ملاقات میں قومی اسمبلی پاکستان کے مختلف اراکین بھی شریک تھے۔