پاسبان حریت کے زیراہتمام برہان وانی شہید کا نواں یومِ شہادت’’یومِ مزاحمت کشمیر‘‘کے طور پر منایا گیا

برہان وانی نے موبائل فون کو بھارتی ظلم کیخلاف مزاحمت کا ہتھیار بنایا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا، ان کی شہادت نے تحریک آزادی کو نئی جہت دی

منگل 8 جولائی 2025 23:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)پاسبان حریت کے زیراہتمام برہان وانی شہید کا نواں یومِ شہادت’’یومِ مزاحمت کشمیر‘‘کے طور پر منایا گیا ،پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیرِاہتمام معروف کشمیری حریت پسند راہنما برہان مظفر وانی شہید کا نواں یومِ شہادت ’’یومِ مزاحمت کشمیر‘‘کے طور پر بھرپور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

اس موقع پر آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں ریلیوں، جلسوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ مظفرآباد میں مرکزی تقریب کا اہتمام شہید محمد افضل گورو چوک میں کیا گیا، جس میں سینکڑوں کشمیری نوجوانوں نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے برہان وانی شہید اور دیگر کشمیری شہداء کو سلامی پیش کی اور سرینگر شاہراہ پر مارچ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ’’لا الہ الا اللہ‘‘برہان تیرے خون سے انقلاب آئے گا‘‘جیسے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

ریلی کی قیادت پاسبانِ حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، پیپلز پارٹی کے راہنما شوکت جاوید میر، کل جماعتی حریت کانفرنس کے راہنماؤں محمد مشتاق بٹ، نظیر احمد کرناہی، مشتاق السلام، سید گلشن شاہ، کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے عظمت حیات کشمیری، اور دیگر حریت پسند رہنماؤں نے کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں برہان وانی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نظریہ، ایک تحریک اور ایک انقلابی پیغام کا نام ہے، جس نے کشمیری نوجوانوں کے دلوں میں نئی روح پھونکی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ برہان وانی نے موبائل فون کو بھارتی ظلم کے خلاف مزاحمت کا ہتھیار بنایا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔ ان کی شہادت نے تحریک آزادی کو نئی جہت دی۔ریلی میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے اور شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر کشمیر کی آزادی کے عزم کا اعادہ کیا۔ رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ برہان وانی اور شہدائے کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اور کشمیری عوام آزادی کی اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔پاسبانِ حریت کے زیرِاہتمام اس تقریب کو ’’یومِ مزاحمت کشمیر‘‘کا نام دے کر ایک مرتبہ پھر دنیا کو یہ پیغام دیا گیا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور آزادی ان کا مقدر ہے۔