لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 خوارج ہلاک 2 زخمی

کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد نے سکیورٹی فورسز کے خوف سے خود ہی ہاتھ کھڑے کر دیئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 جولائی 2025 11:18

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 خوارج ہلاک 2 زخمی
لکی مروت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 خوارج مارے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 خوارج ہلاک ہوئے، اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے لکی مروت کے علاقہ کیچی کمر میں میں کارروائی کی گئی جس کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے جب کہ اس کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد نے سکیورٹی فورسز کے خوف سے خود ہی ہاتھ کھڑے کر دیئے اور خود کو سکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا۔

علاوہ ازیں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی اور ہلاک ہونے والے خوارجیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی نقل و حرکت کا پتا چلا جس کے بعد فورسز نے مؤثر کارروائی کی، شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 1 اور 2 جولائی کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی رات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ ”فتنہ الخوارج“کی بڑی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، سکیورٹی فورسز کی بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، سکیورٹی فورسز ہر فتنے پر قابو پانے کیلئے تیار ہیں، سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔