’خیرات کی دو تہائی اکثریت پر نہ اکڑو‘ شازیہ مری اور نبیل گبول کی طلال چوہدری سے تلخ کلامی

قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں پیپلزپارٹی نے سی ڈی اے ترمیمی بل پیش کرنے میں مبینہ رکاوٹ پر برہمی کا اظہار کیا تھا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 جولائی 2025 17:09

’خیرات کی دو تہائی اکثریت پر نہ اکڑو‘ شازیہ مری اور نبیل گبول کی طلال ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کی رکن شازیہ مری اور نبیل گبول کی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے تلخ کلامی ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کی رکن شازیہ مری نے سی ڈی اے ترمیمی بل پیش کرنے میں مبینہ رکاوٹ پر برہمی کا اظہار کیا اور چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’سی ڈی اے کا افسر درست جواب نہیں دے رہا میں اس کے خلاف تحریک اسحاق لاوں گی‘، جس پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے چیئرمین سی ڈی اے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’شازیہ مری تحریک استحقاق لائیں وہ اس کا سامنا کریں گے اور میں خود اس کا دفاع کروں گا‘۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہا کہ ’طلال چوہدری دھمکی دے رہے ہیں‘، اس پر وزیر مملکت نے جواب دیا کہ ’دھمکی شازیہ مری دے رہی ہیں‘، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول وزیر مملکت کے رویے پر احتجاج کرتے ہوئے اجلاس سے واک آوٹ کرگئے، واک آؤٹ کرنے پر چیئرمین کمیٹی نبیل گبول کو روکتے رہے لیکن اس کے باوجود وہ اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے، نبیل گبول نے کہا کہ ’حکومت کو خیرات میں جو دو تہائی اکثریت ملی ہے اس سے طلال چوہدری مغرور ہوگئے ہیں، خیرات کی دو تہائی اکثریت پر نہ اکڑو، پیپلز پارٹی نے پہلے بھی ان کو حکومت گرا کر دکھائی تھی، اب بھی یہ کام کرسکتے ہیں‘۔

بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کی ممبر نیشنل اسمبلی شازیہ مری اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی وزارت قانون کی طرف موجود افیسر پر اختلاف بھی شدت اختیار کر گیا ہے، اس معاملے پر ممبر قومی اسمبلی پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ کی جانب سے بھی مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔