قائمہ کمیٹی میں طلال چوہدری کا تلخ رویہ، نبیل گبول کا واک آؤٹ، حکومت گرانے کا انتباہ

بدھ 9 جولائی 2025 17:51

قائمہ کمیٹی میں طلال چوہدری کا تلخ رویہ، نبیل گبول کا واک آؤٹ، حکومت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی (ایم این ای) نبیل گبول نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور چیئرمین کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) کے رویے پر اجلاس سے واک آؤٹ کردیا اور حکومت گرانے کے لیے انتباہ کر دیا جبکہ نبیل گبول نے کہاہے کہ وزیر مملکت طلال چوہدری اور چیئرمین سی ڈی اے کا لہجہ بہت تلخ ہے، لگتا ہے یہ لوگ مغرور ہوگئے ہیں، ہم نے پہلے بھی آپ کو حکومت گرا کر دکھائی تھی، اب بھی ہم ایسا کرسکتے ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس خرم نواز کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں نبیل گبول نے وزیر مملکت اور چیئرمین سی ڈی اے کے رویے پر احتجاج کیا، چیئرمین کمیٹی اور دیگر ممبران نبیل گبول کو روکتے رہے، اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور شازیہ مری کے درمیان نوک جھوک بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہا کہ قومی اسمبلی کی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں سی ڈی اے کی عمارتوں میں معذور افراد کے داخلے سے متعلق عدم سہولتوں کے حوالے سے بل دیا، 10 فیصد لوگ ہیں، جن کو جسمانی طور پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے، سی ڈی اے کی عمارتوں میں تمام لوگوں کی رسائی کو یقنی بنانے کی بات کی، آئین کے مطابق قانون سازی ہمارا حق ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمیں قانون سازی سے روک رہی ہے، ہمیں آئینی حق استعمال کرنے پر بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، قانون سازی روکنے پر تحریک استحقاق لانے کی بات کی۔اس پر طلال چوہدری نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آپ تحریک لے آئیں، اس کے سامنے میں کھڑا ہوں گا۔رکن کمیٹی شازیہ مری نے کہا کہ آپ ہمیں دھمکی دے رہے ہیں۔طلال چودھری نے کہا کہ دھمکی تو آپ دے رہی ہیں، رکن کمیٹی رفیع اللہ آغا نے کہا کہ ہماری طرف سے آپ ان سے رشتہ داری کریں، سی ڈی اے کی جانب سے پراپرٹی کی ٹرانسفر فیس میں اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں، سی ڈی اے اضافے کو واپس لے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جمشید دستی نے اپنے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے معاملے پر کہا کہ ایک شخص کی مدعیت میں ٹیلی فون پر شکایت لکھی اور مقدمہ درج کیا گیا، جس شخص کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا، اس نے میرے خلاف موبائل چھیننے کا بھی مقدمہ درج کیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مظفر گڑھ پولیس میرے خلاف ٹاؤٹ کو استعمال کر رہی ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ جمشید دستی کا وڈیو بیان یہاں چلائیں اور پھر کمیٹی فیصلہ کر دے، اگر کسی کو سنگسار کرنے کا فتویٰ دینے کی اجازت ہے تو سب کو اجازت دے دیں۔جمشید دستی نے کہا کہ طلال چودھری کی بھی وڈیو موجود ہے، ان کے خلاف بھی مقدمہ بنتا ہے۔ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) نے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں، میں آپریشن کی جگہ سے سیدھا ادھر آرہا ہوں، ٹی ٹی پی کی جانب سے 32 حملے کیے جاچکے ہیں، اب تک ہم نے ٹی ٹی پی کے 22 ارکان مارے ہیں، اس وقت ٹی ٹی پی 30 کلو میٹر پیچھے جا چکی ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ لوگوں کو مارنے کی وڈیو پر اگر مقدمہ نہیں بنتا تو ٹی ٹی پی پر بھی مقدمہ ختم کر دیں، ٹی ٹی پی بھارت کی پراکسی ہے، جو ہمارے خلاف استمعال ہو رہی ہے، سیکورٹی فورسز جانیں دے رہی ہیں، بیانیہ ایک بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پی سی او بت کہنے پر 5 سال کے لیے ناہل ہوا،مجھے کسی نے معافی نہیں دی۔