ریکوڈک مائننگ کمپنی میں مقامی نوجوان کی تقرری روکنے پر احتجاج، بھوک ہڑتالی کیمپ اور لانگ مارچ کا اعلان

بدھ 9 جولائی 2025 18:39

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) ریکوڈک مائننگ کمپنی میں مقامی نوجوان کی تقرری روکنے پر احتجاج، بھوک ہڑتالی کیمپ اور لانگ مارچ کا اعلان نوکنڈی سے تعلق رکھنے والے سوشل اور ڈیولپمنٹ سیکٹر کے تجربہ کار پروفیشنل کاظم مینگل نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آر ڈی ایم سی ریکوڈک مائننگ کمپنی ناانصافی اور امتیازی سلوک کے خلاف شدید تحفظات کا اظہار کیا اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی دین جان مینگل،ایم کیو ایم کے صوبائی رہنما ٹان کونسلر میر سعد نوتیزئی ،بابائے چاغی پینل کے سرکردہ رہنما یو سی کونسلر محمد اجمل نوتیزئی، ودیگر بڑی تعداد میں قبائلی عمائدین اور حمایتی انکے ہمراہ تھے پریس کانفرنس سے کاظم مینگل کا کہنا ہے کہ کمپنی نے انہیں کمیونٹی انویسٹمنٹ آفیسر کی آسامی پر تین مرحلوں میں کامیاب انٹرویوز اور باقاعدہ انگیجمنٹ ای میل کے باوجود بغیر کسی تحریری وضاحت کے نظر انداز کر دیا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کاظم مینگل، جنہوں نے 2006 سے مختلف قومی و بین الاقوامی این جی اوز اور یو این اداروں میں 15 سال سے زائد پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دی ہیں، انہیں نہ صرف غیر شفاف انداز میں نظرانداز کیا گیا بلکہ بار بار درخواستوں کے باوجود انہیں "کاز آف ریجیکشن" بھی فراہم نہیں کیا گیا۔انہوں نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 27، 19-A، آئی ایل او کنونشن نمبر 111 اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کے حوالے دیتے ہوئے کہا کہ ملازمتوں میں امتیازی سلوک آئین و قانون کے منافی ہے۔

کاظم مینگل کا کہنا تھا کہ ریکوڈک پراجیکٹ بلوچستان کے عوام کا ہے اور اگر اسی علاقے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو محروم رکھا گیا تو یہ ناقابل قبول ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا کوئٹہ میں احتجاجی پریس کانفرنس کر کے نوکنڈی تا کوئٹہ لانگ مارچ کا اعلان کریں گے۔اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے۔آر ڈی ایم سی نوکنڈی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے اپنی تعلیمی اسناد نذر آتش کریں گے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں سول سوسائٹی، آل پارٹیز علاقائی رہنماں اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ان کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے روزگار، وقار اور انصاف کا دروازہ کھولے گی۔