سندھ کے نوجوانوں کے لیے لاہور قلندرز میں شمولیت کا سنہری موقع

بدھ 9 جولائی 2025 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن،پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کے تعاون سے سندھ بھر میں کرکٹ ٹرائلز شروع ہو گئے۔کراچی - 9 / جولائی، 2025 - ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام (PMYP) کے تعاون سے سندھ میں نوجوانوں کی کرکٹ کی مہارت کو پرکھنے اور پاکستان سپر لیگ (PSL) کی چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز میں شامل ہونے کا ایک شاندار موقع فراہم کر رہی ہے۔

کرکٹ ٹرائلز باضابطہ طور پر 10 جولائی 2025 کو NED یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، کراچی میں شروع ہوں گے اور بعد میں حیدرآباد، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور سکھر میں بھی ان کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان ٹرائلز کا مقصد اسپورٹس میں سندھ بھر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی صلاحیتوں کو پرکھنے اور پیشہ ورانہ کرکٹ میں ان کی شمولیت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ٹرائلز کی افتتاحی تقریب 10 جولائی کو این ای ڈی یونیورسٹی میں ہوگی جس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، صوبائی وزیر برائے کھیل و یوتھ افیئرز سردار محمد بخش خان مہر، چیئرمین PMYP رانا مشہود احمد خان، پی ایم وائی پی سندھ چیپٹر کے فوکل پرسن فہد شفیق،ہائر ایجوکیشن کے اسپورٹس انچارج، جاوید میمن سمیت اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین، رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کوئٹہ، بلوچستان میں ہونے والے کامیاب ٹرائلز کے بعد، جہاں بلوچی نوجوانوں کا زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا، اب سندھ کے نوجوانوں کی طرف سے بھی اسی جوش و جذبے کی توقع کی جارہی ہے۔

ہمارا مقصدپاکستان کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ فخریہ پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ٹرائلز نہ صرف سندھ میں کھیلوں کو فروغ دیں گے بلکہ پورے پاکستان میں نوجوانوں کے لیے امید، لگن اور نئے امکانات بھی روشن کریں گے۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ہائرایجوکیشن کمیشن کے توسط سے پاکستان بھر میں ہاکی، والی بال فٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ہینڈ بال، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ وغیرہ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام آرگنائز کیے گئے۔