چیئرپرسن نزہت صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کا اجلاس

بدھ 9 جولائی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کا اجلاس بدھ کو کمیٹی کی چیئرپرسن نزہت صادق کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومتی یقین دہانیوں سے متعلق اہم معاملات کو زیر غور لایا گیا۔ کمیٹی نے ننکانہ صاحب میں اوقاف کی زمینوں پر قبضے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری مذہبی امور، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ۔

کمیٹی نے لیسکو اور سوئی ناردرن کو ہدایت کی کہ قبضہ شدہ زمین پر بجلی و گیس کے کنکشن جاری نہ کریں۔ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ننکانہ صاحب میں 14 ہزار رہائشی و تجارتی یونٹس پر مشتمل اوقاف کی زمین پر تعمیر کی گئی ہے۔ بورڈ نے سروے آف پاکستان اور سپارکو کی خدمات سے سیٹلائٹ امیجری اور سروے شروع کرا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

قبضہ مافیا کے خلاف آپریشنز جاری ہے ،مقامی نمائندوں کی شمولیت سے مؤثر نتائج کی توقع ہے ۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر منظور شدہ شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ کمیٹی نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ پر کمیٹی کا اظہار تشویش کیا ۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھاکہ کراچی میں متبادل بجلی فراہم کنندہ لانے سے مقابلے اور سروس میں بہتری آئے گی، لیاری میں بجلی چوری اور عدم ادائیگی سے ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔

کمیٹی نے ایبٹ آباد میں پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹس کے دفتر کے قیام پر وزارت اوورسیز کے کردار کو سراہا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام ڈسکوز صارف دوست پالیسی اپنانے اور سروسز کو بہتر بنائیں ۔ کمیٹی نےکینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی فراہمی کے لئےوزارت صحت کو کابینہ سے منظوری کے لئے سمری جلد جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ حکومت اور روش کمپنی کے درمیان کینسر کے علاج کے حوالے سے73/27 کے تناسب سے معاہدہ ہوا ہے ۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد کے سکولوں کا دورہ کر کے آؤٹ آف سکول بچوں کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی، وزراء، متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔