Live Updates

عمران خان کے بچوں کے پاکستان آنے سے کوئی طوفان نہیں آئے گا، عرفان صدیقی

بانی پی ٹی آئی کو ان کے بچے اور بہنیں رہائی نہیں دلواسکتے، رہائی خود عمران خان پر منحصر ہے؛ ن لیگی سینیٹر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جولائی 2025 12:21

عمران خان کے بچوں کے پاکستان آنے سے کوئی طوفان نہیں آئے گا، عرفان صدیقی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بچوں کے پاکستان آنے سے کوئی طوفان نہیں آئے گا، عمران خان کے بچے قانون کے دائرے میں رہ کر تحریک چلائیں تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے بچوں کو سیاست میں لانا چاہتے ہیں، عمران خان کے بچے ضرور پاکستان آئیں، تحریک چلانا چاہتے ہیں تو چلائیں لیکن قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں تو اعتراض نہیں ہوگا، تاہم بانی پی ٹی آئی کو ان کے بچے اور بہنیں رہائی نہیں دلواسکتے بلکہ جیل سے رہائی خود عمران خان پر منحصر ہے۔

ایک سوال پر سینیٹر عرفان صدیقی نے جواب دیا کہ آصف زرداری ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے اچھے طریقے سے کام کررہے ہیں، آصف زرداری مدبر شخص ہیں اور انہوں نے حکومت کے لیے مشکلات پیدا نہیں کیں، پیپلزپارٹی ہماری اتحادی ہے اس صورتحال میں ہم کیوں اس نظام کو درہم برہم کرنا چاہیں گے؟ اسی طرح خیبرپختونخواہ میں حکومت تبدیل نہیں ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیرمملکت قانون وانصاف بیرسٹٹ عقیل ملک نے کہا ہے کہ قاسم اور سلیمان کا مقصد اگر انتشار پھیلانا ہے تو پاکستان نہیں آنے دیں گے، عمران خان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں، ان کو ویزہ اپلائی کرنا پڑے گا،اگروزٹ ویزے پر انتشار پھیلانا ہے تو قانون اس کی اجازت نہیں دیتا، مجھے ابھی بھی یقین نہیں کہ وہ پاکستان آئیں گے کیونکہ ان کی پارٹی اور پھوپھی نے جو پلان دیا وہ یہ ہے کہ وہ پہلے امریکہ جائیں گے پھر برطانیہ واپس آجائیں گے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مریم نوازنے بالکل ٹھیک کہا کہ پی ٹی آئی کو جب بھی موقع ملا قوم کے بچوں کی بلی چڑھائی، مریم نوازکو پتا تھا کہ ظلم کا نظام ہے ، جھوٹ پر مبنی کیسز ہیں پھر بھی وہ پاکستان آئیں، انہوں نے کیسز کا سامنا کیالیکن عمران خان کے بچے کہاں تھے؟ وہ والد کو کیوں ملنے نہیں آئے؟ اب پی ٹی آئی سیاسی چال کھیلنی ہے، اس لئے اب ٹرمپ کارڈ کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں، برطانیہ میں وہ پاکستانی جو دوہری شہریت رکھتے ہیں وہ ووٹ ڈال سکتے ہیں لیکن ان کے پاس پاکستان کا پاسپورٹ نہیں ہے، لیکن یہ تو انتشار پھیلانے آرہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات