فیلڈ مارشل نہ صدر بننا چاہتے ہیں اور نہ ہی اُن کا ایسا کوئی ارادہ ہے، محسن نقوی

ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف کو نشانہ بنانے والی بدنیتی پر مبنی مہم کے پیچھے کون ہے؛ وفاقی وزیر داخلہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جولائی 2025 13:58

فیلڈ مارشل نہ صدر بننا چاہتے ہیں اور نہ ہی اُن کا ایسا کوئی ارادہ ہے، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نہ صدر بننا چاہتے ہیں اور نہ ہی اُن کا ایسا کوئی ارادہ ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف کو نشانہ بنانے والی بدنیتی پر مبنی مہم کے پیچھے کون ہے، میں نے واضح طور پر کہا ہے کہ صدر زرداری کے استعفیٰ دینے یا صدارت سنبھالنے کی فیلڈ مارشل کسی خواہش کے بارے میں کوئی بحث نہیں ہوئی اور نہ ہی ایسا کوئی خیال موجود ہے۔

وزیرداخلہ کہتے ہیں کہ صدر پاکستان کے مسلح افواج کی قیادت کے ساتھ مضبوط اور احترام پر مبنی تعلقات ہیں، انہوں نے واضح طور پر کہا ہے ’’میں جانتا ہوں کہ یہ جھوٹ کون پھیلا رہا ہے، وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں اور اس پروپیگنڈے سے کس کو فائدہ پہنچ رہا ہے‘‘، آرمی چیف کی واحد توجہ پاکستان کی مضبوطی و استحکام ہے اور کچھ نہیں، اس بیانیے میں شامل لوگوں کے لیے یہی کہوں گا کہ دشمن غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جو چاہو کرو لیکن جہاں تک ہمارا تعلق ہے ہم پاکستان کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے جو بھی ضروری ہوگا کریں گے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی کا کہناہے کہ آصف زرداری ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے اچھے طریقے سے کام کررہے ہیں، آصف زرداری مدبر شخص ہیں اور انہوں نے حکومت کے لیے مشکلات پیدا نہیں کیں، پیپلزپارٹی ہماری اتحادی ہے اس صورتحال میں ہم کیوں اس نظام کو درہم برہم کرنا چاہیں گے؟۔