سردار عبدالقیوم خان کو خراج عقیدت پیش

جمعرات 10 جولائی 2025 14:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر، وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان کو ان کی 10 ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے سردار عبدالقیوم خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔

تقریب میں سیاسی رہنماﺅں ، حریت قائدین ، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ مقررین میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق، سینیٹر مشاہد حسین سید، عبداللہ گل، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاک کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، شمیم شال، کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر راجہ افسر خان اور مسلم کانفرنس کے رہنما سردار عابد اور عاصم عباسی شامل تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے سردار عبدالقیوم خان کی سیاسی اور سماجی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں ایک کثیر جہتی سیاستدان قرار دیا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کاز، جمہوری نظریات اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوںنے کہا کہ مرحوم نے جمہوری اداروں کو فعال او ر مضبوط بنانے اور سیاست میں روا داری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

مقررین نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان ایک زیرک، دور اندیش اور بااصول رہنما تھے۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی اور بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کے لیے دعا کی گئی۔سردار عبدالقیوم خان 10جولائی 2015کو 91برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ وہ 20 برس سے زائد عرصے تک آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر بھی رہے۔