Live Updates

سردار محمد عبدالقیوم خان کی دسویں برسی آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی

جمعرات 10 جولائی 2025 19:05

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سپریم ہیڈ، سابق صدر و وزیراعظم آزادکشمیر، قومی کشمیر کمیٹی کے سابق چیئرمین، اور تحریک آزادی کشمیر کے بانی قائد مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی دسویں برسی آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر ریاست بھر میں ضلعی و تحصیلی سطح پر دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں کارکنان و عوام نے مجاہد اول کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا۔

مرکزی تقریب ان کے آبائی علاقے غازی آباد میں ان کے مزار پر منعقد ہوئی، جہاں آزادکشمیر کے تمام اضلاع سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج اور آزادکشمیر پولیس کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کارکنان کے ہمراہ مزار پر پھول چڑھائے اور مرحوم قائد کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

تقریب میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، وزیر حکومت سردار میر اکبر، امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق، سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی، سابق وزیر حکومت راجہ یاسین، آل پارٹی حریت کانفرنس کے رہنما زاہد صفی، چیئرمین ضلع کونسل باغ پروفیسر آصف اور دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی قائدین نے شرکت کی اور خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ سردار محمد عبدالقیوم خان جیسی تاریخ ساز، دوراندیش، بااصول اور ہمہ جہت قیادت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے۔

ان کی جدوجہد، افکار و نظریات اور سیاسی بصیرت آج بھی پوری کشمیری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے 23 اگست 1947 کو نیلہ بٹ کے مقام سے آزادی کشمیر کی مسلح جدوجہد کا آغاز کیا، جس نے تحریک آزادی کو ایک منظم سمت دی۔سردار عبدالقیوم خان نہ صرف تحریک آزادی، نظریہ الحاقِ پاکستان اور استحکام پاکستان کے پرجوش داعی تھے بلکہ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی، ادارہ سازی اور پارلیمانی نظام کے استحکام کے لیے بھی ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

مسلم کانفرنس کو تقریباً 60 سال تک ان کی مدبرانہ قیادت نصیب رہی، جس پر جماعت آج بھی فخر محسوس کرتی ہے۔تقریب میں چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجید، سابق وزیر حکومت راجہ محمد یٰسین خان، عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ، اظہر شاہ، سید یاسر نقوی، امجد گردیزی، راجہ منیر، شیخ مقصود، دلاور وانی، راجہ بشیر خان، شکور مغل (میرپور) سمیت آزادکشمیر کے تمام اضلاع سے سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اخباری اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مجاہد اول کی برسی کے موقع پر خصوصی اشاعت شائع کی۔انہوں نے حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا ۔شدید بارش اور موسمی خرابی کے باوجود آزادکشمیر بھر سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے برسی کی تقریب میں شرکت کی، جو اس عظیم قائد کے ساتھ کشمیری عوام کی والہانہ عقیدت اور محبت کا مظہر ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات