شزہ فاطمہ خواجہ سے میٹا کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات ، ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

جمعرات 10 جولائی 2025 19:58

شزہ فاطمہ خواجہ سے میٹا کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات ، ڈیجیٹلائزیشن، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے جمعرات کو میٹا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت جنوبی و وسطی ایشیا کے لئے میٹا کے ڈائریکٹر پبلک پالیسی صارم عزیر نے کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے کردار اور عوامی شعبے میں کام کے بہتر طریقے اپنانے اور کارکردگی میں بہتری لانے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر نے حکومتِ پاکستان کے "ڈیجیٹل پاکستان"وڑن کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہر ہفتے قومی سطح پر کیش لیس معیشت کی پیشرفت کا ذاتی طور پر جائزہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کی تشکیل وزیراعظم کے وڑن ‘‘ڈیجیٹل نیشن پاکستان’’ کا اہم ستون ہے جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طرزِ حکمرانی، عوامی خدمات کی فراہمی اور اقتصادی ڈھانچے کو مؤثر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

میٹا کے وفد نے وفاقی وزیر کو کمپنی کی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا جن میں ’ایل ایل اے ایم اے‘جیسے اوپن سورس ماڈلز، جینیریٹیو اے آئی کی عوامی شعبے میں ایپلیکیشنز، اور اردو سمیت مقامی زبانوں میں اے آئی ماڈلز کی تیاری شامل ہے۔دونوں وفود نے باہمی تربیتی پروگرامز بالخصوص اساتذہ کی تربیت، میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مصنوعی ذہانت کے استعمال، ڈیجیٹل مہارتوں کی ترویج، اور اختراعی شراکت داریوں کے فروغ کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کے ڈیجیٹل ایکوسسٹم کی ترقی میں پبلک -پرائیویٹ اشتراکِ کار کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔