وزیراعظم کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں افتتاح

حکومت نوجوانوں کو کھیل سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے،رانا مشہود

جمعرات 10 جولائی 2025 20:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، کراچی میں باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی رانا مشہود احمد خان، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام تھے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو سائنس، ٹیکنالوجی، فنون، ثقافت اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ "وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام مکمل میرٹ پر چلایا جا رہا ہے، اور خود وزیراعظم اس کی نگرانی کر رہے ہیں،" رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاہور قلندرز کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ:"ہم رانا عاطف، سی ای او لاہور قلندرز، اور ان کی ٹیم کے شکر گزار ہیں جن کے تعاون سے نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔"رانا مشہود نے بتایا کہ کوئٹہ ٹرائلز میں 17,000 سے زائد نوجوانوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کراچی کی شاندار کرکٹ تاریخ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے حنیف محمد، صادق محمد اور جاوید میانداد جیسے لیجنڈز کا ذکر کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 20,000 سے زائد کھلاڑی رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور تمام انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی کی بایو مکینیکل لیب کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں یونیورسٹی حکام نے لیب کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

تقریب میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی جانچ اور حوصلہ افزائی کی، جو ان کے لیے حوصلہ افزا لمحہ تھا۔دیگر اہم شرکا میں رانا عاطف (سی ای او لاہور قلندرز)، بشیر میمن (صدر مسلم لیگ ن سندھ)، نہال ہاشمی (سابق سینیٹر)، راجہ انصاری، فہد شفیق (سندھ کوآرڈینیٹر، وزیراعظم یوتھ پروگرام) اور جاوید صاحب (ڈائریکٹر، ہائر ایجوکیشن کمیشن) شامل تھے۔تقریب کے اختتام پر رانا مشہود نے اعلان کیا کہ نیشنل یوتھ گیمز کا انعقاد اگست 2025 میں کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومتِ سندھ کے تعاون کو بھی سراہا۔