وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کی ملاقات

پاک ، ایران تعلقات کے فروغ ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 10 جولائی 2025 23:05

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام گہرے دوستانہ اور مذہبی رشتے سے جڑے ہوئے ہیں جن میں انشاء اللہ وقت کے ساتھ مزید اضافہ ہوگا۔

عبدالعلیم خان نے رضا امیری مقدم سے ملاقات میں اسرائیل-ایران جنگ میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں اور افسران کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔اپنی گفتگو میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے عبدالعلیم خان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستانی حکومت، عوام اور میڈیا کی حمایت پر شکر گزار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران نے صیہونیوں کی ذہنیت اور کارروائیوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کی مہربانیوں میں سے خاص ترین تھی۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کو اس جنگ نے دوست اور دشمن کی پہنچا ن کرا دی اور بالخصوص دنیا بھر پر بھارت اور اسرائیل کی اصلیت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایران کو ہرممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت ذرائع مواصلات کے شعبے میں بہتری کے لئے مشترکہ اقدامات کرے گی اور ایران کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔