چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دانشمندی اور جرأت کے ساتھ پاکستان کے موقف کی ترجمانی کر رہے ، وزیر سماجی بہبود بازل نقوی

جمعرات 10 جولائی 2025 20:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جس دانشمندی اور جرأت کے ساتھ پاکستان کے موقف کی ترجمانی کر رہے ہیں ،اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔سید بازل علی نقوی نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے پارلیمانی وفد نے بھارتی وفد کے مقابلے میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب سفارتکاری تھی جس کے نتیجے میں دنیا نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا اور بھارتی وفد کو منہ کی کھانا پڑی ۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ پاکستان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کامیاب خارجہ پالیسی کے تحت پاکستان کو تنہائی سے نکالا اور عالمی سطح پر ملک کے وقار کو بلند کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارتی صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی بیانیے کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دئیے ۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ اس بے مثال انٹرویو کے دوران ستر سال کے بھارتی صحافی کو پسینہ آ گیا کیونکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جس متانت اور وقار کے ساتھ اپنا موقف پیش کیا وہ لائق تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے چیئرمین سے بے حد محبت کرتے ہیں ،انشاءاللہ 2026 کے انتخابات میں صدر آصف علی زرداری ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ۔