پاکستان کو علاقائی ڈیجیٹل تجارت کا قائد بنانے کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا احسان افضل کا گلوب پاکستان سمٹ 2025 سے خطاب

جمعرات 10 جولائی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ پاکستان کو علاقائی ڈیجیٹل تجارت کا قائد بنانے کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ گلوب پاکستان سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سمٹ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے وزارت تجارت کے تحت منعقد کی جس کا موضوع ’’ای کامرس کے ذریعے لاجسٹکس اور کاروبار کی راہ‘‘ تھا۔ سمٹ میں قازقستان، ازبکستان اور بیلاروس کے اعلیٰ سرکاری عہدیداران، نجی شعبے کے رہنما، سفارتکار اور ای کامرس کے ماہرین نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں رانا احسان افضل نے ڈیجیٹل تجارت کی انقلابی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب تجارت کے اصول الگورتھمز، ڈیٹا فلو اور ڈیجیٹل اعتماد پر مبنی ہو چکے ہیں تو یہ صرف طریقہ تجارت نہیں بلکہ اس میں شرکت کرنے والے فریقین اور مسابقت کی تعریف بھی بدل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پاکستان کی معاشی بحالی، برآمدات میں تنوع اور علاقائی سفارتکاری کی بنیاد بن چکی ہے۔

رانا احسان افضل نے کہا کہ مستقبل انہی اقوام کا ہے جو بھروسے اور رابطے پر مبنی ایکو سسٹم تشکیل دیتی ہیں اور گلوب سمٹ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ پاکستان ان میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس قازقستان، ازبکستان اور بیلاروس کے ساتھ حالیہ دستخط شدہ ای-کامرس معاہدوں کو عملی شکل دینے کے لیے منعقد کیا گیا ہے جس کی نگرانی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کر رہی ہے۔

انہوں نے وزارتوں کے درمیان ہم آہنگ پالیسی، سرمایہ کاروں کا اعتماد جیتنے والے موثر اداروں کے قیام اور ایسے کاروباری ماحول کی ضرورت پر زور دیا جہاں اختراعی خیالات کو بیوروکریٹک رکاوٹوں کے بغیر وسعت مل سکے۔ انہوں نے ٹی ڈی اے پی، وزارت تجارت، سٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان پوسٹ اور نجی شعبے کی کوششوں کو سراہا اور ان تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل معیشت کو پاکستان کی تجارتی سفارتکاری، صنعتی پالیسی اور علاقائی حکمت عملی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم صرف باتوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات، معاہدوں اور ڈیجیٹل انضمام کی طرف بڑھیں۔سمٹ میں قازقستان، ازبکستان اور بیلاروس کے تجارتی حکام نے اپنے ای کامرس ایکو سسٹمز پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں جبکہ پاکستان کے اداروں نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، لاجسٹکس اور ضوابطی ڈھانچے پر اپنی پیش رفت کو نمایاں کیا۔ سمٹ کے دوسرے حصے میں دراز، ٹیلی مارٹ اور لام جیسے پاکستانی ای کامرس پلیٹ فارمز کی عالمی شراکت داروں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ سیشنز بھی منعقد ہوئیں۔